ملک میں ٹریکٹروں کی فروخت میں 47 فیصد کمی ، گاڑیوں کی فروخت میں 43 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ

پیر 15 ستمبر 2025 12:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2025ء) ملک میں ٹریکٹروں کی فروخت میں جاری مالی سال کے پہلے دوماہ میں سالانہ بنیادوں پر 47 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔ پاکستان آٹو مینو فیکچررز ایسوسی ایشن کے اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کے پہلے دو ماہ میں ملک میں ٹریکٹرز کے 2191 یونٹس کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 47 فیصد کم ہے۔

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملک میں ٹریکٹرز کے 4130 یونٹس کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

رواں مالی سال اگست میں ملک میں 996 یونٹس ٹریکٹرز کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو جولائی کے مقابلے میں 17 فیصد اور گزشتہ سال اگست کے مقابلے میں 63 فیصد کم ہے ۔جولائی 2025 میں ملک میں ٹریکٹرز کے 1195 یونٹس اور گزشتہ سال اگست میں 2670 یونٹس کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔ واضح رہے کہ ملک میں گاڑیوں کی مجموعی فروخت میں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 43 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ مالی سال کے پہلے دو ماہ میں ملک میں گاڑیوں کے 301498 یونٹس کی فروخت ریکارڈ کی گئی ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملک میں 211252 یونٹس کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔