پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز کے زیراہتمام انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو کادوسرا سالانہ امتحان 29 اکتوبر سے شروع ہوگا،فارم 20 ستمبر سے وصول کئے جائیں گے

پیر 15 ستمبر 2025 13:54

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2025ء) پنجاب بورڈز کمیٹی آف چیئرمینز کے فیصلہ کے مطابق بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد، سرگودھا، ساہیوال، بہاولپور، ملتان، ڈی جی خان،گوجرانوالہ، راولپنڈی، لاہور سمیت پنجاب بھر کے تمام تعلیمی بورڈزکے زیراہتمام انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو(ایچ ایس ایس سی پارٹ ٹو سیکنڈ اینول) کادوسرا سالانہ امتحان 29 اکتوبر سے شروع ہوگا۔

(جاری ہے)

اعلیٰ و ثانوی تعلیمی بورڈ فیصل آباد کے شعبہ تعلقات عامہ کے ترجمان ساجد نقوی نے اے پی پی کو بتایا کہ مذکورہ امتحان میں شرکت کیلئے داخلہ فارم سنگل فیس کے ساتھ 20 ستمبر سے 30 ستمبر2025 تک، ڈبل(دوگنا) فیس کے ساتھ یکم اکتوبر سے 7 اکتوبر 2025 تک اور تین گنا فیس کے ساتھ 8 اکتوبر سے 13اکتوبر2025تک وصول کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ تاریخ کے بعد کوئی داخلہ فارم وصول نہیں کیا جا ئے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں مزید معلومات و رہنمائی کیلئے بورڈ کی ایچ ایس ایس سی برانچ سے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔