Live Updates

وزیراعلیٰ پنجاب کی سپیشل اسسٹنٹ عظمیٰ کاردار کا جلالپور پیروالہ کا دورہ، سیلاب متاثرین سے ملاقات، ریلیف سرگرمیوں اور پولیو مہم کا تفصیلی جائزہ لیا

پیر 15 ستمبر 2025 13:45

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب کی سپیشل اسسٹنٹ برائے پولیو مہم عظمیٰ کاردار نے جلالپورپیروالہ اورملحقہ سیلابی علاقوں کا دورہ کیا۔ اپنے دورے کے دوران انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اورفلڈ ریلیف کیمپس میں جاری امدادی سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ لی۔ عظمیٰ کاردار نے متاثرین میں خشک راشن تقسیم کیا اور میڈیکل کیمپس کا معائنہ کرتے ہوئے پولیو و دیگر حفاظتی ویکسینیشن کی انسپکشن بھی کی۔

اس موقع پر عظمیٰ کاردار نے کہا کہ حکومت پنجاب نے تمام وسائل سیلاب زدہ علاقوں کی جانب موڑ دیے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف خود براہ راست ریسکیو آپریشن کی نگرانی کر رہی ہیں تاکہ ریلیف سرگر میوں میں کوئی کمی نہ رہ سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ متاثرہ خاندانوں کی مکمل بحالی اور کفالت تک ریلیف آپریشن جاری رکھا جائے گا جبکہ سیلابی پانی اترتے ہی نقصانات کا ازالہ بھی یقینی بنایا جا ئے گا۔

سپیشل اسسٹنٹ کا مزید کہنا تھا کہ متاثرین کی صحت اوربچوں کے تحفظ کے لیے پولیو سمیت تمام حفاظتی ویکسینیشن پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ فلڈ ریلیف کیمپس میں میڈیکل کاؤنٹرزاورماہر ڈا کٹرزتعینات ہیں تاکہ متاثرہ خاندانوں کو فوری طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔عظمیٰ کاردار نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ پولیو وائرس سے بچاؤ کے لیے سیلاب زدہ علاقوں میں رہنے والے ہر بچے کی ویکسینیشن کو سو فیصد یقینی بنایا جائے، ان کے اس دورے کو متاثرین کے حوصلے بڑھانے اورریلیف سرگرمیوں میں مزید بہتری لانے کی ایک اہم کاوش قرار دیا جا رہا ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات