شہر قائد؛ ایک گھنٹے میں 3 حادثات، ماں بیٹے سمیت 4 افراد جاں بحق، 2 زخمی

پیر 15 ستمبر 2025 14:39

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2025ء)شہرقائد میں پیرکی صبح ایک گھنٹے کے دوران 3 مختلف ٹریفک حادثات میں ماں بیٹے سمیت 4 افراد جاں بحق اور2 زخمی ہوگئے۔ 2 جان لیوا ٹریفک حادثات ہیوی ٹریفک کے باعث پیش آئے۔قائد آباد تھانے کے علاقیلانڈھی اسپتال چورنگی کے قریب تیزرفتارواٹر ٹینکرنے موٹرسائیکل سواروں کوکچل دیا، جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل پر سوارخاتون سمیت 2 افراد جاں بحق اورایک نوجوان زخمی ہوگیا، جنہیں ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

اسپتال میں متوفیہ خاتون کی شناخت 45 سالہ رئیسہ زوجہ احمد اور جاں بحق نوجوان کی شناخت 20 سالہ ارمان ولد احمد جبکہ زخمی نوجوان کی شناخت 24 سالہ حسنین ولد احمد کے نام سے کی گئی۔حادثے میں جاں بحق ہونے والی خاتون اورنوجوان ماں بیٹا ہیں جبکہ زخمی ہونے والا بھی خاتون کا بیٹا ہے۔

(جاری ہے)

حادثے کے بعد پولیس نے واٹرٹینکرکوتحویل میں لینے کے بعد تھانے منتقل کردیا گیا۔

ایس ایچ اوعنایت اللہ مروت کے مطابق حادثے میں جاں بحق و زخمی ماں بیٹے لانڈھی کے رہائشی تھے، تینوں ایک مل میں کام کرتے تھے۔ حادثے میں جاں بحق ماں بیٹے ایک ہی موٹر سائیکل پرسوارتھے۔ پہلے ان کی موٹر سائیکل کسی دوسری موٹر سائیکل سے ٹکرائی اور اسی دوران عقب سے آنے والا ٹینکر ان پرچڑھ گیا۔ حادثے کے بعد واٹر ٹینکر کا ڈرائیور موقع پر سے فرارہوگیا۔

دوسری جانب موچکو تھانے کے علاقے بلدیہ ناردرن بائی پاس حاجی خواستی گوٹھ کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک نوجوان جاں بحق اوردوسرا زخمی ہو گیا، جنہیں فوری طورپرایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال ٹراما سینٹر منتقل کردیا گیا۔ جاں بحق نوجوان کی شناخت 28 سالہ شہباز اورزخمی کی شناخت 25 سالہ دائودولدیت اسلم کے نام سے کی گئی۔ ترجمان ایدھی کے مطابق حادثہ تیز رفتار ٹرالر کی ٹکر کے باعث پیش آیا ۔

ساحل تھانے کے علاقے ڈیفنس فیز 08 کریک وسٹا اپارٹمنٹ کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا، جس کی لاش قانونی کارروائی کے لیے چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کی گئی۔ جہاں جاں بحق شخص کی شناخت 35 سالہ یار جان ولد نورمحمد کے نام سے کی گئی۔ ریسکیو حکام کے مطابق متوفی شخص تیز رفتارنامعلوم گاڑی کی ٹکر کے باعث پیش آیا ہے۔