یوسی 09 لانڈھی ٹائون کی تباہ حالی دیکھ کر یہاں کے منتخب نمائندوں کی نیت کا ہمیں اندازہ ہوگیا ہے،احمدرضا

پیر 15 ستمبر 2025 14:39

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2025ء)پاکستان پیپلزپارٹی ضلع کورنگی کے سیکریٹری اطلاعات و چیئرمین یوسی 8 کورنگی ٹائون احمد رضا نے کہا ہے کہ یوسی 09 لانڈھی ٹائون کی تباہ حالی دیکھ کر یہاں کے منتخب نمائندوں کی نیت کا ہمیں اندازہ ہوگیا ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل یوسی 09 لانڈھی ٹاون کی ویڈیو پر فوری ایکشن لیتے ہوئے وہاں سیوریج کہ نئی لائن کی تنصیب کے ساتھ ساتھ وہاں پیور ورک بھی جلد ہی شروع کروا دیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز یوسی 9 لانڈھی ٹاون کے ایک معذور شخص کے اپنے گھر کے باہر سیوریج مسائل کے حوالے سے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو پر فوری طور پر وہاں کے دورے کے موقع پر کیا۔ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی سیکرٹری اطلاعات پیپلزپارٹی ضلع کورنگی احمد رضا مقام پر پہنچ گئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر احمد رضا نے کہا کہ صدر پاکستان پیپلزپارٹی ضلع کورنگی جانی میمن کی ہدایت پر فوری طور پر سیکٹر 51 ڈی آیا ہوں اور مذکورہ سیوریج لائن کی تنصیب کے کام کا آغاز کروا دیا ہے۔

احمد رضا نے کہا کہ گو یہاں سے ہمارا کوئی نمائندہ نہیں جیتا ہے یہ کام یہاں کے ٹاون چئیرمین اور منتخب نمائندوں کا ہے مگر اسپیشل بھائی کی ویڈیو دیکھ کر دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوری طور پر میئر مرتضی وہاب سے رابطہ کرکے یہاں پائپ اتروا دیے ہیں، کل سے تنصیب کے کام کا آغاز ہوجائے گا ۔احمد رضا نے کہا کہ اس علاقے کی تباہ حالی دیکھ کر یہاں کے منتخب نمائندوں کی نیت کا ہمیں اندازہ ہوگیا ہے۔میئر کراچی سے درخواست کرکے سیوریج لائنز کی تنصیب کے بعد یہاں پیور فلورنگ کا کام بھی کروائیں گے ۔احمد رضا نے کہا کہ دیکھ اور افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ یہاں کہ لوگوں کو تبدیلی کے نام پر گمراہ کیا گیا ہے ۔