ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ملتان میں ایچ پی وی ویکسین مہم کا آغاز

پیر 15 ستمبر 2025 15:02

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2025ء) سیکرٹری محکمہ صحت و آبادی نادیہ ثاقب کی خصوصی ہدایت پر سروائیکل کینسر سے بچاؤ کے لیے ایچ پی وی (ہیومن پیپیلوما وائرس) ویکسین مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ملتان کے دفتر میں منعقد ہوئی، جس میں سپیشل سیکرٹری محکمہ صحت و آبادی جنوبی پنجاب شہباز حسین نقوی نے بچیوں کو ویکسین لگوا کر مہم کا افتتاح کیا۔

تقریب میں ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ساؤتھ پنجاب ڈاکٹر سید علی مہدی، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ملتان ڈاکٹر سوبان ضیا، اسسٹنٹ کمشنر ملتان، سابق ایم این اے طارق رشید، وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی، اور ایم ایس نشتر ہسپتال ڈاکٹر راؤ امجد علی خان سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سپیشل سیکرٹری محکمہ صحت جنوبی پنجاب شہباز حسین نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار قومی سطح پر سروا ئیکل کینسر سے بچاؤ کے لیے یہ ویکسینیشن مہم شروع کی گئی ہے، جو 27 ستمبر تک جاری رہے گی۔

صرف ملتان ضلع میں درجنوں ٹیمیں یونین کونسل کی سطح پر سکولوں، مدارس، ہسپتالوں اور کمیونٹی لیول پر 9 سے 14 سال کی بچیوں کو ویکسین لگا رہی ہیں۔انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنی بچیوں کو اسکولوں اور قریبی صحت مراکز میں وقت پر ویکسین ضرور لگوائیں اور افواہوں پر کان نہ دھریں کیونکہ یہ ویکسین بالکل محفوظ اور آزمودہ ہے۔ڈی جی ہیلتھ ساؤتھ پنجاب ڈاکٹر سید علی مہدی نے کہا کہ خواتین کی صحت کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور HPV ویکسین مہم اس سمت میں ایک تاریخی قدم ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر ملتان نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اس مہم کی کامیابی کے لیے محکمہ صحت کے ساتھ مکمل تعاون فراہم کرے گی۔پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی نے کہا کہ نشتر یونیورسٹی کے ڈاکٹر اور طلبہ بھی محکمہ صحت کے ساتھ مل کر آگاہی مہم کو کامیاب بنانے میں کردار ادا کریں گے۔یہ مہم حکومت پنجاب کی سرپرستی میں عالمی ادارہ صحت (WHO) اور یونیسف کے تعاون سے جاری کی گئی۔