Live Updates

قائمہ کمیٹی اجلاس میں حکام کا گلگت بلتستان میں جنگلات کی بے دریغ کٹائی کا اعتراف

پیر 15 ستمبر 2025 22:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2025ء)قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی کے اجلاس میں حکام نے گلگت بلتستان میں درختوں کی بے دریغ کٹائی کا اعتراف کرلیا، اجلاس میں ایک وزیر کی سرکاری گاڑی سے جنگلات سے کاٹی گئی لکڑیاں برآمد ہونے کا انکشاف کیا گیا۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی کا اجلاس منزہ حسن کی زیرِ صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا، اجلاس میں گلگت بلتستان کے محکمہ جنگلات کے حکام نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گلگت بلتستان میں درختوں کی بے دریغ کٹائی کا سلسلہ جاری ہے اور جی بی کے موجودہ متعلقہ وزارت کے وزیر کی سرکاری گاڑی سے بھی لکڑیاں برآمد ہوئی ہیں۔

سیکرٹری جنگلات نے بتایا کہ جب ہم نے لوگوں کو جنگل کی کٹائی پر پکڑا تو انہوں نے متعلقہ وزیر سے سفارش کی درخواست کی جس پر وزیر صاحب نے لوگوں سے کہا کہ وہ خود اس نوعیت کا مقدمہ بھگت رہے ہیں، وزیر نے لوگوں سے کہا کہ وہ خود اس سب کا حصہ ہیں تو کس طرح سے سرکاری افسران کو سفارش کریں۔

(جاری ہے)

گلگت بلتستان کے حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گلگت بلتستان میں 3.58 فیصد رقبے پر جنگلات ہیں، دیامر میں جنگلات سارے پرائیویٹ سیکٹر کے پاس ہیں، ( درختوں کی غیر قانونی کٹائی پر) محکمہ جنگلات کے 59 ملازمین کو ملازمت سے برطرف کیا ہے۔

حکام نے اعتراف کیا کہ جی بی میں جنگلات کی اچھی صورت حال نہیں ہے۔اجلاس میں خیبرپختونخوا کے محکمہ جنگلات حکام نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سیلاب اور مون سون کے بعد ایک تحقیق کروا رہے ہیں،20 سال کے دوران جنگلات کی صورت حال کو دیکھ رہے ہیں۔حکام نے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں سمیت کے پی میں جنگلات کی صورت حال دیکھیں گے،لکڑی کی اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی تمام چیزوں کو ضبط کر رہے ہیں۔

کمیٹی ممبر شائستہ خان نے کہا کہ میرا تعلق خیبرپختونخوا سے ہے، جنگلات میں آگ پر قابو پانے کا نظام نہیں ہے، ٹمبر مافیا ہر طرف سرگرم ہے۔چیئرپرسن کمیٹی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے ایم این ایز کو پی ٹی آئی نے کمیٹی اجلاس میں آنے سے روکا ہے، ان کی جانب سے جو اعداد و شمار دیے گیے وہ چونکا دینے والے ہیں،اس وقت درختوں کی کٹائی اور ٹمبر مافیا کو کیسے روکیں گی بارش کے پانی کے راستے میں جو گھر بنے ہوئے تھے اس کا آپ لوگوں نے کیا کرنا ہے۔

چیئرپرسن کمیٹی نے پنجاب حکومت کے آفیشل کو ہدایت جاری کہ ضلع لیہ سے ہمارے ممبر کمیٹی اویس حیدر جکھڑ سے پنجاب حکومت رابطہ کرے، اور ان کے حلقے میں سیلاب متاثرین کو فوری امداد فراہم کی جائے اور ممبر اویس جکھڑ کے جو بھی مسائل ہیں ان کا فوری ازالہ کیا جائے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات