متحدہ عرب امارات اور پاکستان کا کیش لیس اکانومی کے شعبے میں تعاون کا عمل تیز کرنے پر اتفاق

پیر 15 ستمبر 2025 22:32

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2025ء) متحدہ عرب امارات اور پاکستان نے کیش لیس اکانومی کے شعبے میں تعاون کا عمل تیز کرنے پر اتفاق کیا ہے ۔متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان کیش لیس اکانومی کے معاملے پر دوطرفہ مشاورتی اجلاس کا انعقاد ہوا۔اجلاس میں متحدہ عرب امارات کی طرف سے مالی امارات کے وزیر مملکت محمد بن ہادی الحسینی اور پاکستان کی طرف سے وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے نمائندگی کی۔

یو اے ای کی جانب سے ڈیجیٹل ادائیگیوں اور وصولیوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ یو اے ای حکام نے ڈیجیٹل معیشت سے متعلق متحدہ عرب امارات کے تجربات پر روشنی ڈالی۔ پاکستانی ٹیم نے وزیراعظم شہباز شریف کے کیش لیس اکانومی کے تصور کو بیان کرتے ہوئے اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کیش لیس اکانومی کے مختلف پہلوؤں پر ٹیکنیکل ٹیمز کی سطح پر دونوں ممالک میں تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

اجلاس میں ڈیجیٹل اکانومی کے فروغ کے لیے وزیراعظم کے اقدامات زیرغور آئے۔اجلاس میں یو اے ای اور پاکستان کے درمیان جدید گورننس کے شعبے میں مجموعی تعاون پر اب تک کی پیش رفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے کیش لیس اکانومی سمیت دیگر شعبوں میں نالج اور تجربات کے تبادلے پر یو اے ای کی قیادت اور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

اجلاس میں یو اے ای کے عالمی مالیاتی امور کے اسسٹنٹ انڈر سیکریٹری علی عبداللہ شرافی، ڈائریکٹر ثریا حامد الہاشمی اور کابینہ امور کی وزارت کے ابراہیم العالی بھی شریک تھے۔وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کی قیادت میں پاکستانی ٹیم میں گورنر سٹیٹ بنک جمیل احمد، سیکریٹری خزانہ امداد اللہ بوسال، سیکریٹری آئی ٹی ضرار ہاشم، یو اے ای میں پاکستانی سفیر فیصل ترمزی، دیگر اعلیٰ حکام اور کرانداز کے ٹیم ارکان شامل تھے۔