Live Updates

مخالفین کا واحد منصوبہ پی ٹی آئی کارکنان میں غلط فہمیاں پیدا کرنا ہے، کارکنان اتحاد قائم رکھیں، ڈاکٹر شفقت ایاز

پیر 15 ستمبر 2025 20:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2025ء)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا ہے کہ مخالف قوتوں کا سب سے بڑا ہتھیار یہ ہے کہ وہ پی ٹی آئی کارکنان کے درمیان انتشار اور غلط فہمیاں پیدا کریں تاکہ تحریک انصاف کو کمزور کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ اگر خدانخواستہ کارکنان آپس میں تقسیم ہوگئے تو اس کا نقصان براہِ راست تحریک انصاف اور عوامی جدوجہد کو ہوگا۔

ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا کہ پی ٹی آئی کارکنان نے ہمیشہ جمہوریت، انصاف اور آزادی کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ جیلیں بھری گئیں، ظلم و تشدد برداشت کیا گیا، مگر کارکنان نے اپنے لیڈر عمران خان کے ساتھ کھڑے رہنے میں کوئی کمی نہیں آنے دی۔

(جاری ہے)

یہی قربانیاں آج پی ٹی آئی کو پاکستان کی سب سے بڑی عوامی قوت بناتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مخالفین کو معلوم ہے کہ عوام کا اعتماد صرف عمران خان اور تحریک انصاف پر ہے، اسی لیے وہ کارکنوں میں غلط فہمیاں ڈالنے اور ان کے اتحاد کو توڑنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

لیکن کارکنان کو سمجھنا ہوگا کہ یہ سازش ناکام تبھی ہوگی جب سب ایک دوسرے کے ساتھ مضبوطی سے جڑے رہیں گے۔ڈاکٹر شفقت ایاز نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کا وژن ہمیشہ یہی رہا ہے کہ پاکستان میں انصاف قائم ہو، ادارے مضبوط ہوں اور نوجوانوں کو بااختیار بنایا جائے۔ اگر ہم کارکنان اس وژن پر متحد رہے تو کوئی رکاوٹ ہمیں ہماری منزل سے دور نہیں کر سکتی۔

انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی کارکنان میں اتحاد اور یکجہتی برقرار رہی تو وہ دن دور نہیں جب بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان جیل سے باہر ہوں گے اور ایک بار پھر عوام کی قیادت کریں گے۔ یہی دن ہماری جدوجہد کی اصل کامیابی ہوگا اور یہی دن مخالفین کے ہر منصوبے کو ناکام بنا دے گا۔ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا کہ آج ہر کارکن کی ذمہ داری ہے کہ وہ نہ صرف اپنی صفوں میں اتحاد قائم رکھے بلکہ عوام تک یہ پیغام بھی پہنچائے کہ تحریک انصاف ہی وہ واحد قوت ہے جو پاکستان کو حقیقی آزادی، شفافیت اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کر سکتی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات