پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارت کے دو طرفہ مواقع سے فائدہ اٹھایا جانا چاہیے ،ایس آئی ایف سی ٹریڈ اور انویسٹمنٹ کے حوالے سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کر رہی ہے، عاطف اکرام شیخ

پیر 15 ستمبر 2025 20:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2025ء) ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ ایس آئی ایف سی ٹریڈ اور انویسٹمنٹ کے حوالے سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کر رہی ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کے دو طرفہ مواقع سے فائدہ اٹھایا جانا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو امریکی سفارتخانہ کے اکنامک آفیسر جے کم کے ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس کے دورے کے موقع پر کیا۔

(جاری ہے)

ملاقات میں اکنامک آفیسر جے کم کی صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ سے ملاقات میں دو طرفہ تجارتی تعلقات پر تفصیلی گفتگو کی گئی اور پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی مواقع کا جائزہ لیا گیا۔امریکی سفارتخانہ کے اکنامک آفیسر جے کم نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری لانے کے حوالے سے ایس آئی ایف سی کا کردار نہایت اہم ہے اور امریکی سفارتخانہ ایس آئی ایف سی کے اقدامات کی مکمل حمایت کرتا ہے۔اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر ذکی اعجاز نے کہا کہ پاکستان کی 50 فیصد سے زائد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور پاکستان 24 کروڑ آبادی کے ساتھ دنیا کی ایک بڑی مارکیٹ ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔