قازقستان کے سفیر کی چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا سے ملاقات، دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی، ماحولیاتی اور سیاحتی شعبوں میں تعاون کا جائزہ

پیر 15 ستمبر 2025 20:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2025ء) قازقستان کے سفیر یرژان کیستافین نے پیر کے روز سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، شہری تعاون، ثقافتی تباد لہ اور ماحول دوست منصوبوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ملاقات میں چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ اسلام آباد اور آستانہ کے درمیان شہری سطح پر تعاون کو بڑھایا جائے تاکہ سسٹر سٹی تعلقات کو عملی شکل دی جاسکے۔

چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ دونوں شہروں کے درمیان ثقافتی، ماحولیاتی اور سیاحتی شعبوں میں بھی اشتراک عمل ہو۔قازقستان کے سفیر یرژان کیستافین نے اسلام آباد میں جاری ترقیاتی اور خوبصورتی کے منصوبوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کی ترقی، صفائی اور ماحول دوست پالیسیوں کا عملی نمونہ بن چکا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے تجویز دی کہ آستانہ شہر میں ایک اہم سڑک کو قائد اعظم محمد علی جناح کے نام سے منسوب کیا جائے تاکہ دونوں اقوام کے درمیان دوستی کی ایک علامت قائم ہو اور اسی طرح اسلام آباد میں بھی قازقستان کے معروف قومی شاعر آبائی قونانبائی کے نام پر ایک شاہراہ کو منسوب کیا جائے گا جو دونوں ممالک کے درمیان ادبی و ثقافتی رشتوں کو مزید مضبوط بنائے گا۔

ملاقات کے دوران چیئرمین سی ڈی اے نے قازق سفیر کو دارالحکومت میں ماحول دوست منصوبے ''گارڈنیا ہب'' کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ماڈل نرسری منصوبہ نہ صرف شہر کو سرسبز بنانے میں مدد دے گا بلکہ شہریوں میں ماحول سے محبت کے جذبے کو بھی پروان چڑھائے گا۔اس موقع پر قازق سفیر کو ڈپلومیٹک انکلیو میں جاری اپ گریڈیشن و بیوٹیفکیشن منصوبوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔

چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ ڈپلومیٹک انکلیو میں سپورٹس اور دیگر تفریحی سہولیات میں خاطر خواہ اضافہ کیا جا رہا ہے تاکہ غیر ملکی سفارتکاروں کو بہترین ماحول فراہم کیا جاسکے۔ملاقات کے آخر میں دونوں فریقین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان باہمی تعاون کو مختلف شعبوں خصوصاً ثقافت، شہری ترقی اور ماحولیات میں فروغ دیا جائے گا۔