سندھ میں کمرشل گاڑیوں کے روٹ پرمٹس کے اجرا اور رجسٹریشن کیلئے آن لائن پورٹل کا آغاز

روٹ پرمٹس کے اجرا اور سرٹیفکیٹس کی فراہمی کا عمل مکمل طور پر آن لائن ہوگا اور مینول سسٹم ختم کر دیا گیا ہے،شرجیل میمن

پیر 15 ستمبر 2025 22:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2025ء)محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ نے کمرشل گاڑیوں کے روٹ پرمٹس کے اجرا اور رجسٹریشن کے لیے آن لائن پورٹل کا باقاعدہ آغاز کردیا۔محکمہ اطلاعات سندھ کے ایکس اکائونٹ پر کی گئی پوسٹ کے مطابق سندھ کے سینیئر وزیر اور وزیرٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ روٹ پرمٹس کے اجرا اور سرٹیفکیٹس کی فراہمی کا عمل مکمل طور پر آن لائن ہوگا اور مینول سسٹم ختم کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ منتقلی کا عمل ہموار اور شفاف بنانے کے لئے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو اس تبدیلی سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔شرجیل میمن کے مطابق محکمہ ٹرانسپورٹ نے 2024 میں صوبے کے ٹرانسپورٹ نظام کی ڈیجیٹلائزیشن کے لیے آٹومیشن آف پی ٹی اے، آر ٹی ایز اور ایم وی آئیز کے منصوبے کا آغاز کیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں مارچ 2025 میں گاڑیوں کی رجسٹریشن، فزیکل انسپیکشن اور فٹنس سرٹیفکیٹس کے اجرا کے لیے آن لائن پورٹل لانچ کیا گیا تھا۔

وزیر ٹرانسپورٹ کے مطابق کراچی میں دو نئے وہیکل فٹنس سینٹرز ذوالفقارآباد آئل ٹینکرز ٹرمین(ملیر)اور دوسرا ابراہیم حیدری(کورنگی)میں قائم کیے گئے، صرف چار ماہ کے اندر 35 ہزار سے زائد گاڑیوں کو فٹنس سرٹیفکیٹس جاری ہو چکے ہیں، بغیر فٹنس گاڑیوں کا ڈیٹا ٹریفک پولیس اور موٹر وے پولیس سے بھی شیئر کیا جا رہا ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ نے مزید فٹنس سینٹرز کراچی سمیت سندھ کے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آن لائن سسٹم کے ذریعے ٹرانسپورٹرز کو یہ سہولت حاصل ہوگی کہ وہ دفتر آئے بغیر روٹ پرمٹس کے اجرا یا تجدید کے لیے درخواست دے سکیں، گاڑی مالکان کو پرمٹ کی تجدید کے لیے میعاد ختم ہونے سے 15 روز قبل ایس ایم ایس بھی بھیجا جائے گا۔وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن کے نظام سے شفافیت کو فروغ ملے گا، بغیر استعمال پرمٹس منسوخ ہوں گے اور محکمے کی آمدنی میں اضافہ ہوگا۔