ةٹرمپ نے ایمرجنسی نافذ کرکے واشنگٹن ڈی سی کو وفاق کے کنٹرول میں لینے کی دھمکی دے دی‘دی گارجین

پیر 15 ستمبر 2025 22:25

و*واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 ستمبر2025ء)ٹرمپ نے امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (آئی سی ای) تنازع پر واشنگٹن ڈی سی میں نیشنل ایمرجنسی نافذ کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔برطانوی اخبار ’دی گارجین‘ کی رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دی ہے کہ وہ قومی ایمرجنسی نافذ کر کے واشنگٹن ڈی سی کو وفاقی کنٹرول میں لے لیں گے۔واشنگٹن ڈی سی کی میئر میوریل باؤزر نے کہا تھا کہ شہر کی پولیس امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (آئی سی ای) کے ساتھ تعاون نہیں کرے گی، آئی سی ای کے اہلکار غیر قانونی مشتبہ افراد کو حراست میں لے رہے ہیں اور ان پر نسلی پروفائلنگ کے الزامات بھی لگ رہے ہیں۔

امریکی صدر نے 11 اگست کو شہر کے میٹروپولیٹن پولیس ڈپارٹمنٹ (ایم پی ڈی) کا کنٹرول 30 دن کے لیے سنبھال لیا تھا، نیشنل گارڈ کو فعال کرکے وفاقی اہلکاروں کو تعینات کیا تھا، انہوں نے اسے جرائم اور بے گھری پر کریک ڈاؤن قرار دیا لیکن اسے وسیع پیمانے پر وفاقی اختیارات کے ناجائز استعمال کے طور پر دیکھا گیا ہے۔

(جاری ہے)

یہ بات درست ہے کہ واشنگٹن ڈی سی بندوق کے تشدد سے جدوجہد کر رہا ہے، مگر اس کا پرتشدد جرائم کا تناسب 30 سال کی کم ترین سطح پر ہے اور کئی ری پبلکن ریاستوں کے شہروں کے مقابلے میں کافی کم ہے۔

ٹرمپ کی 30 دن کی ایمرجنسی ختم ہو چکی ہے مگر اب بھی 2 ہزار سے زائد نیشنل گارڈ فوجی شہر میں گشت کر رہے ہیں، جن میں سے کئی سو فوجی ری پبلکن ریاستوں سے بھیجے گئے ہیں، یہ واضح نہیں ہے کہ ان کا مشن کب ختم ہوگا۔میوریل باؤزر نے اس مہینے کے آغاز میں ایک ایگزیکٹو آرڈر جاری کیا تھا، جس میں مقامی قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مختلف وفاقی اداروں کے درمیان مستقل تعاون کی ہدایت کی گئی، لیکن آئی سی ای کو اس میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔

ٹرمپ نے ’ریڈیکل لیفٹ ڈیموکریٹس‘ پر الزام لگایا کہ وہ باؤزر پر دباؤ ڈال رہے ہیں کہ وہ حکومت کو آئی سی ای سے عدم تعاون کے بارے میں آگاہ کرے، ٹرمپ نے کہا کہ اگر پولیس نے آئی سی ای کے ساتھ تعاون روک دیا تو جرائم دوبارہ بڑھ جائیں گے۔امریکی صدر نے کہا کہ واشنگٹن ڈی سی کے عوام اور کاروباری افراد، فکر نہ کریں، میں آپ کے ساتھ ہوں اور ایسا ہونے نہیں دوں گا، اگر ضرورت پڑی تو میں قومی ایمرجنسی نافذ کر کے وفاقی کنٹرول سنبھال لوں گا!