صوبائی حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے،ڈپٹی کمشنر سبی میجر (ر) الیاس کبزئی

پیر 15 ستمبر 2025 22:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2025ء) ڈپٹی کمشنر سبی میجر (ر) الیاس کبزئی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، وومن بازار اور بزنس سنٹر جیسے منصوبے خواتین کے لیے نہ صرف معاشی مواقع فراہم کرتے ہیں بلکہ انہیں خود کفیل بنانے میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو اپنے ہنر کے مطابق کاروبار شروع کرنے کے لیے پلیٹ فارم مہیا کیا جا رہا ہے، جس سے وہ باعزت روزگار کما سکیں گی۔

یہ بات انہوں نے شہید بے نظیر بھٹو وومن سنٹر شیلٹر ہوم، وومن بازار اور بزنس سنٹر کے دورے کے موقع پر کہی، جہاں خواتین کے لیے سہولیات اور مسائل کا جائزہ لیا گیا۔ دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے خواتین کی جانب سے لگائی جانے والی تمام دکانوں کا معائنہ کیا وومن بازار میں بلوچ اور پشتون ثقافتی اور دیگر مصنوعات کے لیے خواتین کو دکانیں دی گئی ہیں جن میں ہینڈی کرافٹس، روایتی خوراک، شالیں، بلوچی ملبوسات، سیلون، ڈرائیونگ سنٹر اور دیگر کاروبار شامل ہیں۔

(جاری ہے)

یہ بازار اپنی نوعیت کا منفرد ہے کیونکہ اس میں دکانیں خواتین ہی چلائیں گی اور خریداری بھی خواتین ہی کریں گی۔ دکانوں کو عوام، بالخصوص خواتین کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی۔ اس موقع پر شہید بے نظیر بھٹو وومن سنٹر شیلٹر ہوم کی منیجر رخشندہ کوکب (محکمہ ترقی نسواں) نے ڈپٹی کمشنر سے سنٹر کے لیے بجلی، گیس اور چار دیواری کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔

ڈپٹی کمشنر نے موقع پر ہی متعلقہ محکموں کے افسران سے رابطہ کر کے مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی کرائی۔ رخشندہ کوکب نے کہا کہ وومن بازار خواتین کے لیے نہ صرف کاروباری پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے بلکہ انہیں اپنے ہنر کو اجاگر کرنے اور مالی طور پر خود مختار بنانے کا بہترین موقع بھی فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کے لیے آسان اقساط پر بلا سود قرضے وومن انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ اپنے کاروبار کو آگے بڑھا سکیں۔

واضح رہے کہ صوبائی وزیر وومن ڈویلپمنٹ ربابہ بلیدی اور سیکریٹری وومن ڈویلپمنٹ سائرہ عطا کی خصوصی کوششوں سے بلوچستان بھر میں وومن انڈومنٹ فنڈ کے تحت خواتین کو بلا سود قرضے فراہم کرنے کا عمل شروع کیا جا رہا ہے۔ اسی سلسلے میں صوبے کے مختلف اضلاع میں وومن بازار اور بزنس سنٹرز قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ خواتین کو معاشی ترقی کے مرکزی دھارے میں شامل کیا جا سکے۔