انڈس اسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک نے قومی ایچ پی وی ویکسینیشن مہم کا آغاز کردیا

منگل 16 ستمبر 2025 00:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) انڈس اسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک نے قومی ایچ پی وی ویکسینیشن مہم کا آغاز کردیا ،سلطان آباد میں ہیلتھ کارنیول کا افتتاح صوبائی وزیر برائے صحت و پاپولیشن ویلفیئر، سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو، نے ربن کاٹ کرکیا۔پیر کو جاری اعلامیہ کے مطابق ہیلتھ کارنیول کے افتتاح پر سرکاری نمائندوں، بین الاقوامی شراکت داروں، طبی ماہرین اور مقامی افراد نے شرکت کی۔

صوبائی وزیر برائے صحت و پاپولیشن ویلفیئر، سندھ نے کہا کہ آج ہم خواتین کی صحت کے تحفظ کے لیے ایک بڑا قدم اٹھا رہے ہیں، ایچ پی وی ویکسین صرف ایک طبی اقدام نہیں بلکہ آئندہ نسل کے تحفظ کے لیے قومی عزم ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ مہم بیماریوں کی روک تھام کے لیے ہمارے قومی عزم میں ایک سنگ میل ہے، ایچ پی وی ویکسینیشن مہم پاکستان میں صحتِ عامہ کی بنیادوں کو مزید مضبوط کرے گی۔

(جاری ہے)

"کارنیول میں آنے والے خاندانوں نے رجسٹریشن کے بعد ہیلتھ بیٹھک میں شرکت کی، جہاں معروف فنکارہ اور آئی ایچ ایچ این کی برانڈ ایمبیسیڈر ثانیہ سعید نے لڑکیوں اور والدین سے ایچ پی وی اور سروائیکل کینسر پر گفتگو کی۔ اس کے بعد لڑکیوں کو ای پی آئی بوتھ پر مفت ایچ پی وی ویکسین دی گئی اور انہوں نے اپنے ہاتھوں پر رنگ لگا کر ایک دیوار پر "I Am Vaccinated" کے بینر کے ساتھ اپنے نشان ثبت کیے، جو تحفظ کے عزم کی رنگین علامت تھی۔

اس موقع پر ویکسین الائنس گاوی کے اعلی سطحی وفد نے بھی شرکت کی، جس کی قیادت مسٹر تھابانی مافوسا (چیف کنٹری ڈیلیوری آفیسر) نے کی۔ ان کے ساتھ پاکستان کے لیے سینئر کنٹری مینیجر مس کیری غین اور ہائی امپیکٹ کنٹریز کے لیے سینئر پروگرام مینیجر مسٹر کریگ بئیرنک بھی شریک تھے۔ ان کی موجودگی نے پاکستان میں مساوی ویکسین رسائی کے لیے گاوی کے عزم کو اجاگر کیا۔اس موقع پرانڈس اسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کے صدر ڈاکٹر عبدالباری خان نے کہاکہ ہمیں پاکستان کے صحت کے سفر کے اس تاریخی لمحے کا حصہ بننے پر فخر ہے، یہ مہم آئی ایچ ایچ این کے فلسفے سے ہم آہنگ ہے۔