امریکا نے منشیات کے خلاف جنگ میں کولمبیا کو اتحادی کی فہرست سے خارج کر دیا ، صدرگستاوو پیٹرو کی تصدیق

منگل 16 ستمبر 2025 12:26

بگوٹا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) کولمبیا کے صدر گستاوو پیٹرو نے تصدیق کی ہے کہ امریکا نے منشیات کے خلاف جنگ میں کولمبیا کی "اتحادی" حیثیت ختم کر دی ہے جس کے نتیجے میں ملک کو امریکی فوجی امداد کی مد میں کروڑوں ڈالر نقصان ہو سکتا ہے۔ فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پیٹرو نے کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں کہاکہ امریکا ہمیں ڈی سرٹیفائی کر رہا ہے حالانکہ منشیات کے کارٹیلز اور منشیات سے مالی معاونت پانے والی بائیں بازو کی گوریلا تنظیموں کے خلاف جنگ میں ہمارے درجنوں پولیس افسر اور فوجی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

یہ اقدام امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دنیا کے سب سے بڑے کوکین پیدا کرنے والے ملک کو سزا کے طور پر دیکھا جا رہا ہے کیونکہ کولمبیا کو کا کی کاشت اور منشیات کی عالمی منڈیوں میں ترسیل کو روکنے میں ناکام رہا ہے۔

(جاری ہے)

یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ٹرمپ منشیات کے کارٹیلز کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کر رہے ہیں اور امریکی فورسز نے حال ہی میں دو مشتبہ وینزویلا کے منشیات بردار جہاز تباہ کیے جن میں 14 افراد ہلاک ہوئے۔

2022 میں اقتدار سنبھالنے کے بعد پیٹرو نے امریکی قیادت میں چلنے والی منشیات کے خلاف جنگ کو ناکام قرار دیتے ہوئے اس میں بنیادی تبدیلی کی وکالت کی جس کے تحت وہ سماجی مسائل کو حل کرنے پر زور دیتے ہیں جو منشیات کی سمگلنگ کو ہوا دیتے ہیں۔سرکاری اور اقوام متحدہ کے تخمینوں کے مطابق 2022 سے اب تک کوکا کی کاشت 70 فیصد بڑھ چکی ہے۔کولمبیا کی حکومت نے الزام لگایا ہے کہ مختلف بائیں بازو کی گوریلا تنظیمیں جن کے ساتھ امن مذاکرات جاری ہیں، ان مذاکرات کا فائدہ اٹھا کر اپنی منشیات کی سرگرمیوں کو وسعت دے رہی ہیں۔امریکا کی جانب سے یہ ڈِی سرٹیفیکیشن کولمبیا کے لیے بڑا دھچکا ہے۔