پی سی ٹی وی آئی گوادرمیں اے آئی اور ای کامرس کورسز کا آغاز ،چینی استاتذہ تدریسی عمل کا حصہ ہوں گے

منگل 16 ستمبر 2025 22:58

گوادر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2025ء) یونیورسٹی آف گوادر میں قائم پاک-چائنا ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹیٹیوٹ (پی سی ٹی وی آئی )نے مصنوعی ذہانت، ای کامرس اور دیگر ڈیجیٹل مہارتوں پر مبنی قلیل مدتی کورسز میں داخلوں کا آغاز کر دیا ہے، ان میں چینی فیکلٹی بھی تدریسی عمل کا حصہ ہوگی ۔ اس اقدام کو چین-پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک )کے تحت مقامی نوجوانوں کو ڈیجیٹل معیشت میں مواقع کے لیے تیار کرنے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔

گوادر پرو کے مطابقتین ماہ کے ان پروگرامز میں ڈیٹا اینالٹکس، جنریٹیو اے آئی، پائتھن پروگرامنگ، موبائل ایپلیکیشن ڈویلپمنٹ، فری لانسنگ اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ جیسے شعبے شامل ہیں۔ یونیورسٹی حکام کے مطابق، یہ تربیت بلوچستان سمیت پاکستان بھر کے طلبا کو ایسی مہارتیں فراہم کرے گی جن کی آج کی تجارتی اور اختراعی دنیا میں بڑھتی ہوئی مانگ ہے۔

(جاری ہے)

گوادر پرو کے مطابق ان کورسز کی تدریس میں چینی شہر شینژین کے انسٹیٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی (SICT)کے اساتذہ پاکستانی انسٹرکٹرز کے ساتھ شریک ہوں گے۔ چینی ماہرین کی شمولیت سے نہ صرف تربیت کا معیار بہتر ہوگا بلکہ دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی تعاون کو بھی تقویت ملے گی۔ گوادر پرو کے مطابق بلوچستان یونیورسٹی آف آئی ٹی، انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز سے وابستہ اور گوادر سے تعلق رکھنے والے فیکلٹی ممبر عمر جے بلوچ کا کہنا تھا ایسے پروگرامز گوادر کو عالمی ڈیجیٹل معیشت اور مستقبل کے تجارتی نیٹ ورکس سے جوڑنے کے لیے نہایت اہم ہیں۔

چینی فیکلٹی کی موجودگی کے باعث یہ اقدام نوجوانوں کے لیے خاص طور پر ای کامرس اور فری لانسنگ کے شعبوں میں معاشی مواقع پیدا کرنے میں براہ راست مدد دے گا۔ گوادر پرو کے مطابق پی سی ٹی وی آئی کو گوادر کے علاقائی روابط اور تجارت میں ابھرتے ہوئے کردار کے لیے مقامی افرادی قوت کی تربیت کی غرض سے سی پیک کے ایک اہم منصوبے کے طور پر چینی تعاون سے قائم کیا گیا تھا۔

اب یہ ادارہ فنی اور پیشہ ورانہ تعلیم کا ایک مرکز بن چکا ہے اور عالمی معاشی رجحانات کے مطابق ڈیجیٹل مہارتوں کی جانب بڑھ رہا ہے۔ گوادر پرو کے مطابق انسٹیٹیوٹ کی سہولیات میں آئی سی ٹی سے لیس کلاس رومز، کمپیوٹر لیبز، ڈیجیٹل لائبریری، اور کانفرنسز و ورکشاپس کے لیے آڈیٹوریم شامل ہیں۔ گوادر میں طالبات کے لیے مفت ٹرانسپورٹ فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ مکران اور دیگر علاقوں سے آنے والے طلبا کے لیے ہاسٹل کی سہولت موجود ہے۔

گوادر پرو کے مطابق اس کے علاوہ اسکالرشیپس اور ماہانہ وظیفے بھی دیے جا رہے ہیں۔ گوادر پورٹ اتھارٹی ہاسٹل اخراجات کے لیے مالی معاونت فراہم کر رہی ہے، جبکہ ٹیوشن فیس میں چھوٹ اور میرٹ پر مبنی مالی امداد پی سی ٹی وی آئی کے ذریعے دستیاب ہے۔ میٹرک یا انٹرمیڈیٹ کے حامل طلبا داخلے کے لیے اہل ہیں اور اس وقت داخلے جاری ہیں۔