اسلام آباد ، قومی انسداد ڈینگی مہم کا افتتاح کر دیاگیا

ڈینگی مچھر کا خاتمہ ہماری ترجیح ہے، وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال

منگل 16 ستمبر 2025 22:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2025ء)وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے اسلام آباد میں قومی انسداد ڈینگی مہم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر وزیر صحت نے کہا کہ احتیاط علاج سے بہتر ہے، ہمیں لوگوں کو بیماری سے محفوظ رکھنا ہے ،وزارت صحت ڈینگی کے خاتمے کے لئے موثر اور مربوط حکمت عملی پر کام کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی ایک سنگین مسئلہ ہے جو صاف پانی میں پرورش پانے والے مچھر کے ذریعے پھیلتا ہے۔

بارشوں کے بعدڈینگی کیسز میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ حالیہ اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد کے دیہی علاقوں سے 300 جبکہ شہری علاقوں سے 100 سے زائد ڈینگی کیس رپورٹ ہو چکے ہیں، ڈینگی مچھر کا خاتمہ ہماری ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم انسداد ڈینگی کیلئے مشینری اور سہولیات میں اضافہ کر رہے ہیں تاکہ مہم کو مزید موثر بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اسلام آباد کے تمام منتخب نمائندگان سے اپیل کی کہ وہ اس قومی مہم کے دوران عوام میں آگاہی پیدا کرنے میں وزارت صحت کا ساتھ دیں۔

وزیر صحت نے انسدادِ ڈینگی مہم میں کام کرنے والے تمام ورکرز کو سراہا۔ وزیر صحت نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ڈینگی سے بچائو کے لئے وزارت صحت کی جاری کردہ ہدایات پر عمل درآمد کریں ، انسداد ڈینگی کیلئے وزارت صحت تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں کی تعداد بڑھانا وقتی حل ہے، اصل حل بیماری کی روک تھام ہے۔ وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ ہمارا مقصد عوام کو بیماریوں سے بچانا اور صحت مند معاشرہ قائم کرنا ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وفاقی وزارت صحت تمام چیلنجز کے باوجود انسدادِ ڈینگی مہم کو کامیاب بنانے کے لئے پرعزم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے سروائیکل کینسر سے بچا کیلئے بھی مہم کا آغاز کیا ہے ۔پاکستان میں ہر سال پانچ ہزار خواتین سروائیکل کینسر کا شکار ہوتی ہیں اور تین ہزار خواتین موت کے منہ میں چلی جاتی ہیں اس لئے سروائیکل کینسر سے بچا کی ویکسی نیشن ضرور لگوائیں جو عناصر ویکسین بارے منفی پروپیگنڈہ پھیلا رہے ہیں وہ اس سے باز رہیں۔