Live Updates

پاک ایران بزنس فورم: دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے نئے باب کا آغاز

منگل 16 ستمبر 2025 22:45

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 ستمبر2025ء) وزیرِ تجارت جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان اور ایران کی دوستی تاریخی ہے اور اب وقت آ گیا ہے کہ یہ معیشت میں بھی تاریخ ساز بنے۔تہران میں منعقدہ پاک۔ایران بزنس فورم کے دوران وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان نے دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ خوشحالی کے نئے باب کا اعلان کیا ہے ۔ فورم میں پاکستان اور ایران نے دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے، مشترکہ اقتصادی زونز کے قیام اور سرحدی علاقوں میں روزگار کے مواقع بڑھانے پر مکمل اتفاق کیا۔

وفاقی وزیرِ تجارت نے ایران کی وزیر سڑک و شہری ترقی فرزانہ صادق کی میزبانی پر شکریہ ادا کیا اور مندو پشین سمیت دیگر سرحدی مارکیٹس کو فعال بنانے کے منصوبوں کا اعلان کیا۔دونوں ممالک نے تجارتی رکاوٹوں، کسٹمز اور ٹیرف کے مسائل کے حل کے لیے تکنیکی تعاون پر بھی اتفاق کیا۔

(جاری ہے)

ایرانی وزیر فرزانہ صادق نے سیلاب سے متاثرہ پاکستانی عوام سے تعزیت کا اظہار کیا اور دواسازی، انجینیئرڈ مصنوعات اور سیرامکس کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں میں دلچسپی ظاہر کی۔

فورم میں 10 ارب ڈالر تجارتی ہدف کے جلد حصول کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔ پاکستانی پانچ سالہ اٴْڑان معاشی پالیسی پر ایرانی سرمایہ کاروں کی گہری دلچسپی سامنے آئی، جبکہ جام کمال خان نے ایرانی کاروباری شخصیات کو پاکستانی صنعتی شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ایرانی کمپنیوں کو نومبر میں پاکستان کے ایگریکلچر ایکسپو میں شرکت کی دعوت بھی دی گئی، جبکہ دونوں ممالک کے تقابلی فوائد کو بروئے کار لا کر خطے کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

وزیرِ تجارت جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان اور ایران کی دوستی تاریخی ہے اور اب وقت آ گیا ہے کہ یہ معیشت میں بھی تاریخ ساز بنے۔ فورم کے دوران مشترکہ زرعی تعاون، سرمایہ کاری کے نئے شعبوں اور سرحدی ترقی پر بھی مفصل بات چیت کی گئی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات