پی ٹی آئی سندھ نے سرکاری ملازمین کے احتجاج کی بھرپور حمایت کا اعلان کر دیا

منگل 16 ستمبر 2025 21:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2025ء) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)سندھ نے صوبے میں سرکاری ملازمین کی پنشن اصلاحات کے خلاف جاری احتجاج کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پنشن میں کٹوتیاں ملازمین اور ان کے خاندانوں پر کاری ضرب ہیں۔ برسوں کی خدمت کے بعد اگر پنشن ہی چھین لی جائے تو یہ ظلم کے مترادف ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی تمام محکموں کے ملازمین کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے احتجاج میں بھرپور شرکت کرے گی۔ میرپورخاص میں ہونے والے مظاہرے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کو آنکھیں کھول کر ملازمین کے تحفظات فوری دور کرنے چاہئیں۔پی ٹی آئی سندھ صدر نے الزام لگایا کہ جعلی حکمران آئی ایم ایف کے غلام بن چکے ہیں اور ان کے پاس عوام کا حق چھیننے کا کوئی اختیار نہیں۔ انہوں نے کہا ہم مطالبات کی منظوری تک ملازمین کے ساتھ کھڑے رہیں گے اور ان کا مستقبل دائو پر نہیں لگنے دیں گے۔