بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑسے طفیل کیمیکلز کے چیئرمین زبیرطفیل نے کراچی میں ملاقات

منگل 16 ستمبر 2025 20:37

کراچی / کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 ستمبر2025ء)بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ سے طفیل کیمیکلز کے چیئرمین زبیر طفیل نے کراچی میں ملاقات کی۔ اس اہم ملاقات میں جدید آبی زراعت (Aquaculture) کے فروغ اور اس شعبے میں سرمایہ کاری کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر بلوچستان کے سابق وزیر اعلی میر علاوالدین مری بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ بلوچستان کے ساحلی علاقے اور زیرِ زمین آبی وسائل جدید آبی زراعت کے لیے بے پناہ مواقع فراہم کرتے ہیں۔ وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان خطے میں ایکواکلچر کے فروغ کے لیے قدرتی طور پر نہایت موزوں ہے، جہاں سمندری اور میٹھے پانی کی مچھلیوں کے فارم، جھینگا اور دیگر آبی حیات کی پیداوار کو بین الاقوامی معیار کے مطابق فروغ دیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ سرمایہ کاروں کو چاہئے کہ وہ بلوچستان میں اس شعبے پر خصوصی توجہ دیں، کیونکہ اس سے نہ صرف صوبے میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ مقامی معیشت کو بھی تقویت ملے گی۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ مستقبل قریب میں بلوچستان پاکستان کی ایکواکلچر انڈسٹری کا مرکز بن سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ صنعتکار اور کاروباری ادارے بلوچستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے سنجیدہ دلچسپی رکھتے ہیں اور جدید ٹیکنالوجی اور عالمی تجربات کو بروئے کار لا کر آبی زراعت کے شعبے میں نئی راہیں کھولی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس شعبے کی ترقی نہ صرف مقامی ضروریات پوری کرے گی بلکہ برآمدات میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔