بلوچستان ،پسماندہ علاقے توانائی، معدنیات، زراعت اور چھوٹی صنعتوں کے قیام کے ذریعے ترقی ، خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو سکتے ہیں،سیدال خان ناصر

منگل 16 ستمبر 2025 19:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2025ء)قائم مقام چیئرمین سینیٹ، سیدال خان سے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے وفد اور اسلام آباد کے سینئر صحافیوں نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ملکی معیشت کو درپیش چیلنجز، صنعت و تجارت کے فروغ، سرمایہ کاری کے مواقع اور صحافت کے مثبت کردار پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

اس موقع پر مہمانوں کے اعزاز میں پرتکلف ہائی ٹی کا بھی اہتمام کیا گیا۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کی انڈسٹریز ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور ان کے فروغ سے نہ صرف روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوتے ہیں بلکہ عوامی فلاح و بہبود اور خوشحالی کی راہیں بھی کھلتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر عوام کو روزگار فراہم کرنے اور معیارِ زندگی بہتر بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایف پی سی سی آئی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ ملکی معیشت کو مستحکم کرنے اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایوانِ بالا کی قائمہ کمیٹیاں تاجروں اور صنعت کاروں کی تجاویز کو سنجیدگی سے سنتی ہیں تاکہ بجٹ سازی اور معاشی اصلاحات میں ایسے اقدامات تجویز کیے جا سکیں جو کاروباری برادری اور عوام دونوں کے لیے سود مند ہوں۔

سیدال خان نے کہا کہ پاکستان اس وقت جن معاشی چیلنجز سے گزر رہا ہے اور ان سے نمٹنے کے لیے ضروری ہے کہ حکومت، پارلیمنٹ اور نجی شعبہ باہمی اعتماد اور تعاون کے مضبوط رشتے میں منسلک ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی کے ثمرات صرف بڑے شہروں تک محدود نہیں رہنے چاہئیں بلکہ پسماندہ اور دور دراز کے علاقوں تک بھی پہنچنے ضروری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبہ بلوچستان اور دیگر پسماندہ علاقے توانائی، معدنیات، زراعت اور چھوٹی صنعتوں کے قیام کے ذریعے ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو سکتے ہیں۔

ملاقات کے دوران سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ صحافت ریاست کا ایک اہم ستون ہے جو عوام اور حکومت کے درمیان پل کا کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صحافی برادری کے مسائل کے حل اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، جن میں مؤثر قانون سازی بھی شامل ہے۔انہوں نے زور دیا کہ صحافی حقائق پر مبنی رپورٹنگ کو یقینی بنائیں اور غیر مصدقہ خبروں سے اجتناب کریں، کیونکہ میڈیا کا کردار نہ صرف عوامی مسائل اجاگر کرنے بلکہ جمہوریت کے استحکام اور شفاف طرز حکمرانی کے لیے بھی انتہائی اہم ہے۔

سیدال خان نے یقین دلایا کہ حکومت صحافی برادری کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کا دفتر ہمیشہ صحافیوں کے لیے کھلا ہے اور وہ براہِ راست ملاقات کرکے اپنے مسائل پیش کر سکتے ہیں۔ اس موقع پر صحافیوں کے نمائندے نے کمیٹی کی تشکیل اور مسائل کے حل کے لیے کیے گئے اقدامات پر حکومت کا شکریہ ادا کیا۔