ملک میں قیام امن اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے ہم سب متحد ہیں، پیغام پاکستان کو معاشرے میں عام کرنا ہو گا، حافظ طاہر محموداشرفی

منگل 16 ستمبر 2025 19:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) چیئرمین پاکستان علما کونسل و کوآرڈینیٹر پیغام امن کمیٹی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ اسلام سلامتی کا دین ہے، ملک میں قیام امن اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لئے ہم سب متحد ہیں، پیغام پاکستان کو معاشرے میں عام کرنا ہو گا، قومی پیغام امن کمیٹی کا قیام خوش آئند ہے۔

یہ بات انہوں نے منگل کو یہاں پاک چائنہ فرینڈ شپ سینٹر میں وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطاء اللہ تارڑ کے ہمراہ قومی پیغام امن کمیٹی کے پہلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ وزیراعظم اور وزیر اطلاعات کا شکر گزار ہوں کہ قومی پیغام امن کمیٹی میں غیر مسلم پاکستانی بھائیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے، یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ اس طرح کی قومی کمیٹی میں چاروں مکاتب فکر سمیت غیر مسلموں کی نمائندگی بھی موجود ہے، یہ اس لئے ہے کہ بہت سی چیزیں ہمارے درمیان مشترک ہیں اور اسلام سلامتی کا دین ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گزشتہ رات عرب اسلامی ممالک کی کانفرنس میں وزیراعظم پاکستان کی گفتگو اور ان کا لہجہ پاکستان کو ممتاز کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ہندو کمیونٹی کے جو نمائندہ کمیٹی کے اجلاس میں موجود تھے، یہ کہہ رہے تھے کہ ہم پاکستان کے ساتھ اپنی مرضی کے ساتھ ہیں جبر کی وجہ سے نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب پاکستان میں امن کے قیام کے لئے ایک ہیں، ہمارے ملک کے امن سے کوئی کھیلے یہ ہمیں قابل قبول نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیغام پاکستان آئین پاکستان کے بعد سب سے بڑی متفقہ دستاویز ہے، ایک خلا تھا کہ پیغام پاکستان کو عملی طور پر معاشرے میں کس طرح لایا جائے تو اس کے لئے یہ کمیٹی اپنا کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کمیٹی پورے پاکستان کے لئے ہے کہ ہم سب مل کر اپنے ملک کی اساس اور امن کا پیغام لے کر آگے بڑھیں گے اور پاکستان کو ایک خوبصورت ملک بنائیں گے۔