سیرت النبیؐ سے رہنمائی ہر دور میں ضروری ہے، نوجوان نسل کو سیرت طیبہ سے روشناس کروانا ہماری ذمہ داری ہے، خورشید احمد ندیم

منگل 16 ستمبر 2025 20:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) رحمت للعالمین و خاتم النبیین اتھارٹی کے زیر اہتمام دوسرے سالانہ تین روزہ عالمی سیرت فیسٹیول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاہے کہ سیرت النبیﷺ سے رہنمائی ہر دور میں ضروری ہے، نوجوان نسل کو سیرت طیبہ سے روشناس کروانا ہماری ذمہ داری ہے۔ منگل کو انسٹی ٹیوٹ آف آرٹس اینڈ ڈیزائن اسلام آباد میں منعقدہ تین روزہ سیرت فیسٹیول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین رحمت اللعالمین اتھارٹی خورشید احمد ندیم،نائب چیئرمین شیعہ علماء کونسل علامہ عارف واحدی ، چیئرمین نیشنل بک فائونڈیشن ڈاکٹر کامران جہانگیر، چیئرپرسن پیرا ڈاکٹر سیدہ ضیاء بتول سمیت متعدد سکالرز اور عالمی شخصیات نے شرکت کی۔

اس موقع پر چیئرمین رحمتہ اللعالمین و خاتم النبیین اتھارٹی خورشید احمد ندیم نے خطبہ استقبالیہ دیتے ہوئے کہا کہ ختم نبوت ایمان کا بنیادی جز وہے،نبی اکرمﷺ اللہ کے آخری نبی ہیں ،سیرت النبیﷺ سے رہنمائی ہر دور میں ضروری ہے۔

(جاری ہے)

نوجوان نسل کو سیرت طیبہ سے روشناس کروانا ہماری ذمہ داری ہے۔شکر نہ کرنا اللہ کی نعمتوں کا انکار ہے۔کار خیر میں حصہ لینے والے ہمیشہ یاد رکھے جاتے ہیں ۔

پاکستان کے ادارے دین و اخلاق کی خدمت کر رہے۔ ہیں۔ خورشید احمد ندیم نے کہا کہ تعلیم و تربیت کے ادارے معاشرے کے لیے قیمتی سرمایہ ہیں۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹیٹیوشنز ریگولیٹری اتھارٹی کی چیئرپرسن ڈاکٹر سیدہ ضیا بتول نے کہا کہ موجودہ دور میں سیرت طیبہ ہماری عملی زندگی کے لیے رہنمائی ہے۔خاتم النبیینﷺ سے بڑھ کر کوئی رہنما نہیں ہوسکتا۔

نیشنل رحمت اللعالمین اتھارٹی نوجوانوں کے لیے بہترین خدمات سرانجام دے رہی ہے،پروفیسر خورشید ندیم کی قیادت میں سیرت طیبہ کو اجاگر کرنے کیلئے اتھارٹی کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔انہوں نے کہا کہ نبی اکرمﷺ تمام جہانوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجے گئے، آپﷺ کی سیرت تعصب اور غیر مساوی سلوک کی اجازت نہیں دیتی۔نبی اکرمﷺ نے اپنی حیات مبارکہ میں مساوات اور عدل کا عملی نمونہ پیش کیا اس لیے سیرت رسولﷺ پر عمل ہی معاشرتی ہم آہنگی کا ضامن ہے۔