چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کی زیرِ صدارت محکمہ زراعت کے روڈمیپ اقدامات پر پیشرفت کا جائزہ اجلاس

منگل 16 ستمبر 2025 21:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ کی زیر صدارت محکمہ زراعت کے روڈمیپ اقدامات پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری زراعت اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں جاری کاموں اور توجہ طلب امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور مقررہ اہداف بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ جنگلی زیتون کے درختوں کو تیل پیدا کرنے والی یورپی اقسام میں تبدیل کرنے کا عمل جاری ہے۔ اس منصوبے کے تحت ضم اضلاع میں 1 لاکھ 50 ہزار جنگلی زیتون کے درختوں پر قلم لگانے کا ہدف ہے، 75 ہزار درختوں پر ستمبر تک اور 1 لاکھ 50 ہزار درختوں پر اکتوبر تک قلم لگائے جائیں گے۔ اس کے علاوہ صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی 1 لاکھ 50 ہزار جنگلی زیتون کے درختوں پر قلم لگائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

چیف سیکرٹری نے زیتون کی برآمد کے لئے سرٹیفکیشن کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری اقدامات کی ہدایت کی۔ اجلاس میں فارم سروسز سینٹرز کو فعال بنانے اور بہتر کرنے پر بھی زور دیا گیا تاکہ کسانوں کو ایک چھت تلے سہولت فراہم کی جا سکے ۔ انتظامی کمیٹیاں قائم کی جائیں اور دستیاب مشینری کو فعال بنایا جائے۔مزید بتایا گیا کہ فصلوں کی بروقت حفاظت کے لئے آئی سی ٹی پر مبنی پیسٹ سرویلنس سسٹم جون 2026 تک نافذ کیا جائے گا۔

اس کے ساتھ ساتھ 5 ہزار ایکڑ قابلِ کاشت بنجر زمین کی بحالی اور گندم، مکئی، چاول، گنے اور پھلوں سمیت بڑی فصلوں کی جی آئی ایس میپنگ بھی منصوبے میں شامل ہے۔اعلیٰ قسم کی سبزیوں کی کاشت کے لئے 500 محفوظ زرعی ڈھانچے قائم کئے جائیں گے جبکہ 600 کنال رقبے پر ورٹیکل ویجیٹیبل فارمنگ کو فروغ دیا جائے گا تاکہ معیاری پیداوار اور زیادہ آمدنی حاصل کی جا سکے۔

اس کے علاوہ صوبے کے 23 اضلاع میں 47 ماڈل مائیکرو واٹر شیڈز کے ذریعے 300 ایکڑ بنجر زمین کو زرعی زمین میں تبدیل کیا جائے گا۔چیف سیکرٹری نے محکمہ زراعت کو منصوبہ بندی و ترقیات محکمہ کے ساتھ کوآرڈینیشن کی ہدایت کی تاکہ منصوبوں کو مزید تیز اور مؤثر بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات صوبے میں زرعی ترقی اور کسانوں کی فلاح و بہبود کے لئے حکومت کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :