مثالی گائوں پروگرام گیم چینجر منصوبہ ثابت ہوگا‘ وزیربلدیات

دیہات میں واٹر سپلائی اور ڈرینج کی سکیمیں مکمل کی جائیں گی، کچی گلیوں کو پختہ کرنے کے ساتھ چلڈرن پارک بنائے جائیں گے

بدھ 17 ستمبر 2025 16:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2025ء) وزیربلدیات ذیشان رفیق نے مثالی گائوں پراجیکٹ پر ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلی مریم نواز شریف دیہات میں بھی شہروں جیسی سہولیات چاہتی ہیں۔ ماڈل ویلیج پروگرام پنجاب میں ایک گیم چینجر منصوبہ ثابت ہوگا۔ اجلاس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب شکیل احمد میاں نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر وزیراعلی مریم نواز کے مثالی گائوں پروگرام کے تحت تیار کی گئی سکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ ماڈل ویلیج پروگرام کے تحت دیہات میں واٹر سپلائی اور ڈرینج کی سکیمیں مکمل کی جائیں گی۔ کچی گلیوں کو پختہ کرنے کے ساتھ چلڈرن پارک بنائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی مرحلے میں صوبہ بھر کے مجموعی طور پر 550 دیہات کو ماڈل ویلیج پروگرام کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ذیشان رفیق نے کہا کہ اس میں راولپنڈی ڈویڑن کے 64، لاہور کے 51، گوجرانوالہ کے 64 گائوں شامل ہیں۔ گجرات ڈویڑن کے 53، ساہیوال کے 49 ، ڈی جی خان کے 51 دیہات میں بھی کام ہوگا جبکہ بہاولپور کے 61، فیصل آباد کے 37 گائوں پروگرام کے تحت ماڈل بنیں گے۔ ذیشان رفیق نے بتایا کہ سرگودھا ڈویڑن کے 45 اور ملتان کے 75 دیہات پہلے مرحلے میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دس ڈویڑنز کے 414 دیہات کیلئے سکیموں کی منظوری دے دی گئی۔

صوبائی وزیر نے باقیماندہ سکیموں کے پی سی ون کی بھی جلد منظوری لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی آبادی کی اکثریت دیہات میں بستی ہے۔ آبادی کی اکثریت کو زندگی کی بنیادی سہولتوں سے محروم رکھ کر ترقی اور خوشحالی کے اہداف حاصل کرنا ممکن نہیں۔ مریم نواز پہلی وزیراعلی ہیں جو شہروں اور دیہات میں بنیادی سہولیات کی یکساں فراہمی کا ویڑن رکھتی ہیں۔ ستھرا پنجاب پروگرام اس کی واضح مثال ہے۔