اولین شیخ الجامعہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے سیمینار کا انعقاد

بدھ 17 ستمبر 2025 17:02

بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی 100سالہ تقریبات کے سلسلے میں سیرت چیئر کے زیر اہتمام اولین شیخ الجامعہ حضرت مولانا غلام محمد گھوٹوی کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے خصوصی سیمینار منعقد کیا گیا۔ جامعہ عباسیہ بہاول پور کے پہلے شیخ الجامعہ مولانا غلام محمد محدث گھوٹوی کی سوانح دینی و علمی خدمات کے موضوع پر منعقد ہونے والے اس سیمینار میں وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران، بریگیڈیئر (ریٹائرڈ) عبدالقیوم معین الدین ،جنید گولڑوی ،پروفیسر ڈاکٹر غلام نصیر الدین شبلی، پروفیسر ڈاکٹر سلیم طارق خان سابق وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور، ڈین فیکلٹی آف اسلامک اینڈ عربیک اسٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر شیخ شفیق الرحمن، ڈائریکٹر سیرت چیئر پروفیسر ڈاکٹر حافظ شفیق الرحمن نے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اپنے خطاب میں وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے جامعہ عباسیہ کے پہلے وائس چانسلر مولانا غلام محمد گھوٹوی کو برصغیر پاک و ہند کا عظیم عالم دین مفکر محقق اور استاد قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مولانا غلام محمد گھوٹوی کی دین اسلام ختم نبوت اور جامعہ عباسیہ کے قیام اور استحکام میں خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

شرکاء نے کہا کہ مولانا غلام محمد گھوٹوی خطہ بہاولپور کی اُس عظیم علمی و روحانی روایت کے امین تھے جو دینداری خلوص اور خدمتِ خلق سے عبارت ہے۔ انہوں نے اپنی زندگی قرآن و سنت کی تعلیم کے فروغ طلبہ کی تربیت اور دینی شعور اجاگر کرنے کے لیے وقف کر دی۔ انہیں قرآن و سنت سے غیر معمولی شغف تھا اور ان کی زندگی کا مقصد ہی دین کی ترویج و اشاعت تھا۔

جامعہ اسلامیہ بہاول پور جب اپنے ابتدائی دور سے گزر رہی تھی تو ادارے کو ایک ایسی قیادت درکار تھی جو علمی بصیرت کے ساتھ ساتھ دینی وابستگی بھی رکھتی ہو ۔ مولانا گھوٹوی کی خدمات کا سب سے بڑا اثر یہ ہے کہ آج اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور پاکستان کی ممتاز جامعات میں شمار ہوتی ہے۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور آج بھی دینی و عصری علوم کے امتزاج کی علامت ہے جو مولانا گھوٹوی کے ویژن کا نتیجہ ہے۔

اس کی فکری بنیاد میں قرآن و سنت سے وابستگی تحقیق کا جذبہ اور اخلاقی تربیت شامل ہے اور اس عظیم شیخ الجامعہ کی علمی میراث ہے۔ مولانا گھوٹوی نے نہ صرف یہ خلا پر کیا بلکہ یونیورسٹی کے علمی و دینی تشخص کو ایک نئی جہت عطا کی۔نظامت کے فرائض ڈاکٹر قاضی حسین احمدمدنی نے سرانجام دیئے۔تقریب میں مولانا غلام محمد گھوٹوی کے خاندان کے افراد، ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر محمد امجد، ملک اللہ بخش کلیار ،عبدالرزاق شائق ،سابق صدر بہاول پور پریس کلب نصیر احمد ناصر، سینئر کالم نگار انور گریوال ،صدور شعبہ جات، ڈاکٹر عبدالغفار ،ڈاکٹر غلام حیدر ،ڈاکٹر ضیا ءالرحمان ،ڈاکٹر سجیلہ کوثر ،ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز ڈاکٹر شہزاد احمد خالد، عمائدین شہر، اساتذہ اور طلباو طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔