ریلوے کے ملک بھر کے آٹھ ڈویژنز میں سولرائزیشن اور نیوٹریشن کے اقدامات کے نتیجے میں 87 کروڑ 46 لاکھ 60 ہزار روپے کی بچت ریکارڈ

بدھ 17 ستمبر 2025 17:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) ریلوے کے ملک بھر کے آٹھ ڈویژنز میں سولرائزیشن اور نیوٹریشن کے اقدامات کے نتیجے میں 87 کروڑ 46 لاکھ 60 ہزار روپے کی بچت ریکارڈ کی گئی ہے۔یہ اعداد و شمار وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی زیرِ صدارت منعقدہ اہم اجلاس میں پیش کیے گئے۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ آٹھ ماہ کے دوران میٹرائزیشن اور سولرائزیشن جیسے جدید اقدامات کے باعث ریلوے کو بجلی کی مد میں اربوں روپے کی بچت ممکن ہوئی جبکہ بجلی چوری کی مؤثر روک تھام سے بھی ادارے کو شاندار کامیابی حاصل ہوئی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق لاہور ریلوے ڈویژن میں 416.6 ملین روپے، لاہور ورکشاپ مغلپورہ میں 243 ملین روپے، راولپنڈی ڈویژن میں 75 ملین روپے اور کوئٹہ ڈویژن میں 38 ملین روپے کی بچت ہوئی۔ اسی طرح کراچی ڈویژن میں 26 ملین روپے، سکھر میں 60 ملین روپے، ملتان میں 9.6 ملین روپے جبکہ پشاور ڈویژن میں 6.46 ملین روپے کی بچت ریکارڈ کی گئی۔وزیر ریلوے نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بجلی چوری پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی گئی ہے اور جو بھی چوری کرے گا وہ سیدھا جیل جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جدید اقدامات سے ریلوے کے اخراجات میں کمی اور شفافیت میں اضافہ ہوا ہے جبکہ ادارے میں اصلاحات کا عمل جاری رہے گا۔