پانی کے تنازعہ پر جہلم ویلی کے علاقہ چھٹیاں میں کلہاڑیاں اور ڈنڈے چل گئے،ایک شخص شدید زخمی

بدھ 17 ستمبر 2025 23:00

چناری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 ستمبر2025ء)پانی کے تنازعہ پر جہلم ویلی کے علاقہ چھٹیاں میں کلہاڑیاں اور ڈنڈے چل گئے،ایک شخص شدید زخمی،سٹی تھانہ ہٹیاں بالا نے مقدمہ درج کرتے ہوئے دو مرکزی ملزمان گرفتار کر لیے،باقی ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کارروائی جاری۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق چھٹیاں کے رہائشی زاکر حسین ولد علی حسین نے سٹی تھانہ ہٹیاں بالا کو دی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ سائل اور اس کے بھائی کے گھر آنے والا پانی ککڑ واڑہ سے آتا ہے،قریشی محلہ کے قریب پائپ کا جائنٹ ہے،جہاں پر لوگ باری باری اپنا پانی لگاتے ہیں،گذشتہ رات جب میرا بھائی پرویز ولد علی حسین پانی لگانے گیا تو عمران ولد مسکین،سمیر،اویس،نوید پسران محمد حنیف اور حنیف ولد چوہدری ہدایت اللہ ساکنان چھٹیاں نے راستہ روک کر اس پر کلہاڑیوں،ڈنڈوں سے حملہ آور ہو گئے،جس کے باعث وہ شدید زخمی ہو گیا شور پڑنے پر ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے،تحریری درخواست موصول ہونے کے بعد انسپکٹر ایس ایچ او سٹی تھانہ ہٹیاں بالا منظر حسین چغتائی نے درج بالا ملزمان کے خلاف زیر دفعات341/337،147/148،149/506پی سی کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے سمیر اور حنیف نامی ملزمان کو گرفتار کر کے حوالات میں بند کردیا ہے،دیگر کی گرفتاری کے لیے پولیس کارروائی جاری ہے۔