سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد کا چینی ثقافتی مرکز "چائنہ ونڈو" کا دورہ

بدھ 17 ستمبر 2025 20:56

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد نے کہا ہے کہ پشاور پولیس چینی شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور انہیں بہترین سیکورٹی فراہم کی جا رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں قائم چینی ثقافتی مرکز چائنہ ونڈو کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

سی سی پی او پشاور نے اس موقع پر چائنہ ونڈو کی مختلف گیلریوں کا معائنہ کیا، فرینڈشپ وال پر دستخط کیے اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کیے۔ سینئر صحافی امجد عزیز ملک نے چائنہ ونڈو کی سیکورٹی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی جس پر سی سی پی او نے اطمینان کا اظہار کیا اور مزید بہتری کے لیے ہدایات جاری کیں۔

(جاری ہے)

سی سی پی او ڈاکٹر میاں سعید احمد نے کہا کہ این او سی کے بعد پشاور آنے والے چینی تاجروں، صنعت کاروں، سرمایہ کاروں اور سیاحوں کو مکمل سیکورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پشاور کو سیف سٹی منصوبہ بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں جس کے بعد اسٹریٹ کرائمز میں نمایاں کمی آئے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کی ہدایات کے مطابق سی پیک منصوبوں کے لیے قائم سیکورٹی یونٹ بھرپور انداز میں خدمات انجام دے رہا ہے، جس کے باعث غیر ملکیوں کے لیے سیکورٹی کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے۔

سی سی پی او پشاور کا کہنا تھا کہ پولیس افسران کے خلاف سخت کارروائیاں اس بات کا پیغام ہیں کہ پشاور کے شہریوں کو کسی کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔ عوام کی داد رسی اور خدمت کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ڈاکٹر میاں سعید احمد نے چائنہ ونڈو کو پاک چین دوستی کی ایک اہم علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ مرکز نہ صرف پشاور بلکہ خیبرپختونخوا کے مثبت تشخص کو اجاگر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ پاکستان خصوصاً صوبے کی معاشی ترقی میں سنگ میل ثابت ہوگا۔