ملتان میوزیم اکتوبر میں عوام کے لیے کھول دیا جائے گا، محکمہ آثار قدیمہ

بدھ 17 ستمبر 2025 20:27

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) ملتان میں جدید سہولیات سے آراستہ ’’ملتان میوزیم‘‘ اکتوبر2025 میں عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔ 11 کروڑ دس لاکھ روپے کی لاگت سے سات کنال رقبے پر تعمیر کیا گیا منصوبہ تاریخی قلعہ کہنہ قاسم باغ کے دامن میں مکمل کیا گیا ہے جسے شہر کی ادارہ جاتی ترقی میں ایک سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

محکمہ آثارِ قدیمہ کے ایس ڈی او سجاد احمد نے بدھ کے روز’’ اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میوزیم کو بڑھتی ہوئی آبادی اور شہری ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے جدید ڈیزائن کے ساتھ تیار کیا گیا ہے۔ منصوبے میں پائیدار تعمیر، جدید سہولیات اور عوام کے لیے آسان رسائی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور سے نوادرات منگوا کر یہاں نصب کیے جائیں گے جبکہ دیگر میوزیمز کی طرز پر داخلہ ٹکٹ بھی رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس منصوبے کے لیے بجٹ 2021-22 میں منظور کیا گیا تھا۔ترقیاتی ماہرین کے مطابق ایسے منصوبے خطے میں بنیادی ڈھانچے کی کمی کو پورا کرنے اور شہری سہولیات کو بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔ ملتان جو جنوبی پنجاب کا ثقافتی و تجارتی مرکز کہلاتا ہے، طویل عرصے سے شہری سہولیات پر دباؤ کا شکار ہے اور اس نوعیت کی نئی تعمیرات عوامی خدمات کی بہتری میں معاون ثابت ہوں گی۔

مقامی چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ملک ربنواز نے میوزیم کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ صرف ایک عمارت نہیں بلکہ ایک پیغام ہے کہ ترقی اب جنوبی پنجاب تک بھی پہنچ رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس منصوبے سے تعلیم، صحت اور دیگر شہری خدمات میں مزید سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوگی۔ماہرین نے کہاکہ جدید ڈیزائن، مرکزی مقام اور خطیر سرمایہ کاری کے باعث ملتان میوزیم نہ صرف شہر کی پہچان میں اضافہ کرے گا بلکہ پاکستان کے ترقیاتی ایجنڈے میں جنوبی پنجاب کی اہمیت کو بھی اجاگر کرے گا۔