بنو قابل پروگرام کے تحت کوئٹہ کے 10 ہزار سے زائد نوجوانوں سے 19ستمبر کو ٹیسٹ لیا جائیگا،، نوجوانوں کو 3 ماہ کے دوران 48 کورسز سکھائے جائیں گے، عبدالنعیم رند

بدھ 17 ستمبر 2025 19:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) الخدمت فائونڈیشن کوئٹہ کے چیئرمین عبدالنعیم رند نے کہا ہے کہ بنو قابل پروگرام کے تحت کوئٹہ کے 10 ہزار سے زائد نوجوانوں سے آئی ٹی ٹیسٹ لیا جائے گا، نوجوانوں کو 3 ماہ کے دوران 48 کورسز سیکھائے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوب سٹیڈیم میں الخدمت فائونڈیشن ضلع کوئٹہ کے صدر طیب فرید، مولانا عبد الحمید منصوری، جمیل احمد مشوانی، محمد حلیم حماس، عبدالر حیم ناصر، عطا الرحمن، ولی خان شاکر و دیگر کے ہمراہ پریس بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔

عبدالنعیم رند اور طیب فرید نے کہا کہ یہ کوئٹہ کی تاریخ میں اہم موقع ہے جہاں انفارمیشن ٹیکنالوجی میں یوتھ اکٹھی ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ الخدمت فائونڈیشن کی جانب سے 19 تاریخ کو ٹیسٹ منعقد ہوگا ،اس ٹیسٹ کیلئے اب تک 10 ہزار 400 نوجوانوں کی رجسٹریشن ہوچکی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمن نوجوانوں کیلئے سوچتے ہیں ،یہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا پروگرام ہے جس میں 3 ماہ کے کورسز شامل ہیں ، پروگرام کے تحت نوجوانوں کو بنیادی سکلز سکھا کر اس قابل بنایا جائے گا کہ وہ اپنے کاروبار کا ایک ذریعہ حاصل کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ اکتوبر میں کلاسز کا آغاز ہوگا،مختلف اداروں کے ساتھ ملکر ان کورسز کو توسیع دی جا رہی ہے ،ان کورسز میں بچوں اور بچیوں کیلئے الگ الگ وقت کا تعین کیا جائے گا، مختلف اداروں سے ان کی ضرورت کے مطابق نوجوانوں کو سکلز دیکر انہیں ان اداروں میں ایڈجسٹ کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ الخدمت فائونڈیشن اپنی مدد آپ کے تحت اس کار خیر کو جاری رکھے ہوئے ہے، جن نوجوانوں نے ابھی تک رجسٹریشن نہیں کی وہ رجسٹریشن مکمل کریں اور ٹیسٹ میں حصہ لیں۔

انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر 1000 نوجوانوں کیلئے نشستیں رکھی گئی ہیں، مختلف ادارے رابطے میں ہے ،علاقوں کی ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے وہاں لیب قائم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایوب سٹیڈیم فٹبال گرائونڈ میں ٹیسٹ منعقد ہوں گے، ٹیسٹ لینے کیلئے 600 رضا کار حصہ لے رہے ہیں ،ٹیسٹ کے بعد انٹرویوز لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں جعفر آباد گوادر اور لورالائی ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بنو قابل پروگرام کے تحت پورے پاکستان میں سلیبس یکساں ہیں ،اس پروگرام کے تحت 48 کورسز جن میں ایمازون، فری لانسنگ، گرافک ڈیزائننگ اور ویب ڈویلپمنٹ و دیگر شامل ہیں ،پڑھائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سکیورٹی کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ،ضلعی انتظامیہ نے این او سی جاری کی ہے ،انتظامیہ کی جانب سے بھی سکیورٹی کی فراہمی کا وعدہ کیا گیا ہے۔