ڈی جی ایس سی او میجر جنرل عمر احمد شاہ کا تحصیل گڑھی دوپٹہ اور دھیر کوٹ میں نئے فری لانسنگ ہبز کا افتتاح

بدھ 17 ستمبر 2025 19:30

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) ڈائریکٹر جنرل ایس سی او میجر جنرل عمراحمد شاہ نے آزاد جموں و کشمیر کی تحصیل گڑھی دوپٹہ اور دھیر کوٹ میں نئے فری لانسنگ ہبز کا افتتاح کر دیا۔ یہ افتتاح ایس سی او وژن 2025 کے تحت سوئفٹ ایکشن پلان کا حصہ ہے، جو ہب اینڈ اسپوک ماڈل پر مبنی ہے اور پسماندہ علاقوں کو ڈیجیٹل طور پر بااختیار بنانے کا مقصد رکھتا ہے۔

افتتاح کے موقع پر ڈی جی ایس سی او نے فری لانسنگ ہبز کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا، فری لانسرز سے گفتگو کی اور ان کی محنت کو سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایسے منصوبے روز گار کے نئے مواقع پیدا کرنے ، ڈیجیٹل خلا کم کرنے اور دور دراز علاقوں میں ہنرمند افرادی قوت تیار کرنے کے لیے نہایت اہم ہیں۔ مقامی عوام نے بھی اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی سہولیات ان علاقوں کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں ، جو نہ صرف بے روز گاری کم کریں گی بلکہ یہاں کے نوجوانوں کو ملک کے دیگر حصوں کے برابر سہولتیں اور مواقع فراہم کریں گی۔

ایس سی او کا یہ اقدام اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ ڈیجیٹل خلا کو ختم کیا جائے ، روز گار کے مواقع پیدا کیے جائیں اور آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کو پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت میں ایک فعال کردار کے طور پر ابھارا جائے۔