ت*دیامر بھاشا ڈیم، گلگت بلتستان میں 130 سے زائد نئی ملازمتوں کا اعلان

بدھ 17 ستمبر 2025 21:30

۶ گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 ستمبر2025ء) دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ ( ڈی بی ڈی پی)نے اپنے "اعتماد سازی اقدامات( سی بی ایم )کے مشیروں اور مرکزی ٹھیکیداروں کے ذریعے 130 سے زائد نئی ملازمتوں کا اعلان کر دیا، جو گلگت بلتستان اور دیگر علاقوں کے انجینئرز، ہنر مندوں، اور ماحولیاتی ماہرین کے لیے مواقع پیدا کر رہی ہیں۔ گوادر پرو کے مطابق سی بی ایم پیکج کے تحت 61 آسامیوں کا اعلان کیا گیا ہے جن میں جونیئر انجینئرز، جونیئر ماحولیاتی ماہرین، اور سب انجینئر شامل ہیں۔

درخواستیں کلیکٹر اور ڈپٹی کمشنر دیامر کے دفتر میں وصول کی جا رہی ہیں۔ گوادر پرو کے مطابق منصوبے کے مرکزی ٹھیکیداروں، پاور چائنہ، فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کے اشتراک سے، 76 مزید ملازمتوں کا اعلان کیا گیا ہے جن میں سول اور پلاننگ انجینئرز سے لے کر ڈمپر ڈرائیور، بھاری مشینوں کے آپریٹر، مستری، ڈرلرز، لوہے کے سریے باندھنے والے کاریگر، ترکھان، اور عام مزدور شامل ہیں۔

(جاری ہے)

تمام امیدواروں کے انٹرویوز ہوں گے، جبکہ ڈرائیورز اور ہنر مندوں کے عملی ٹیسٹ بھی لیے جائیں گے۔ گوادر پرو کے مطابق اپنی توانائی اور آبپاشی کی افادیت سے بڑھ کر، یہ میگا پراجیکٹ گلگت بلتستان میں سماجی و اقتصادی ترقی کا محرک بھی بن رہا ہے۔ سی بی ایم اقدامات کے تحت، پاور چائنہ نے مقامی سڑکیں، اسکول، اور صحت کے مراکز تعمیر کیے ہیں، جبکہ مقامی افراد کو تربیت دے کر ملازمتیں بھی فراہم کی گئی ہیں تاکہ پاکستان کے اس نمایاں پن بجلی منصوبے میں کمیونٹی کی شمولیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

گوادر پرو کے مطابق 272 میٹر بلند دیامر بھاشا ڈیم، دنیا کا بلند ترین رولر کمپیکٹڈ کنکریٹ (آر سی سی ) ڈیم ہے، جس کی مجموعی آبی ذخیرہ صلاحیت 8.1 ملین ایکڑ فٹ ہے، جو 12 لاکھ 30 ہزار ایکڑ زرعی زمین کو سیراب کرے گا۔ 4,500 میگاواٹ کی تنصیب شدہ صلاحیت کے ساتھ، یہ سالانہ تقریباً 18 ارب یونٹ صاف، سبز، اور سستی بجلی قومی گرڈ کو فراہم کرے گا، واپڈا کے مطابق۔ مین ڈیم پر آر سی سی کام 2026 کے اوائل میں شروع ہوں گے، جب کہ اس سال کے آخر تک آر سی سی آزمائشی مراحل اور بنیادوں کی کھدائی مکمل کی جائے گی