Live Updates

رکن قومی اسمبلی احمد عتیق انور کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آبی وسائل کا اجلاس

بدھ 17 ستمبر 2025 22:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آبی وسائل کا اجلاس ممبر قومی اسمبلی احمد عتیق انور کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزارت آبی وسائل کے نمائندے نے 26 جون سے 14 ستمبر 2025 کے تک آنے والے سیلاب سے ہونے والے مجموعی نقصانات پر بریفنگ دی۔ انہوں نے کمیٹی اراکین کو آگاہ کیا کہ سیلاب کے نتیجے میں 985 جاں بحق، 1,062 افراد زخمی، 6,748 کلومیٹر سڑکیں اور 29 پل تباہ ہوئے، 8,481 مکانات کو نقصان پہنچا اور 6,509 مویشی ہلاک ہوئے۔

کمیٹی کو بتایا گیا کہ Floodplain Maps پہلی بار فروری 2016 میں تمام متعلقہ محکموں کے تعاون سے سیٹلائٹ ڈیٹا کے ذریعے بنائے گئے تھے تاہم پنجاب اور خیبر پختونخوا کے علاوہ کسی بھی دوسرے صوبے نے ان نقشوں کو مزید بہتر بنانے یا انہیں اپ ڈیٹ کرنے کے حوالے سے کوئی قابل ذکر پیشرفت نہیں کی۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے پاکستان کے محکمہ موسمیات کو ہدایت کی کہ وہ اگلے اجلاس میں ان کے کام اور کارکردگی کے حوالے سے جامع بریفنگ فراہم کرے۔

مزید برآں کمیٹی کو بتایا گیا کہ سیلاب سے بچاؤ کے بنیادی ڈھانچے کے 6 حصوں کو نقصان پہنچا ہے۔ کمیٹی اراکین نے ہدایت کی کہ آئندہ اجلاس میں اس حوالے سے مکمل تفصیلات پیش کی جائیں۔اجلاس میں ممبر قومی اسمبلی سہیل سلطان، محمد ادریس، ذوالفقار علی بیہان، شازیہ مری، میر منور علی تالپور، سید وسیم حسین، میاں خان بگٹی، شمائلہ رانا اور وزارت آبی وسائل کے افسران نے شرکت کی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات