بٹگرام کے پولیس کیلئے دوران ملازمت تعلیم کے مواقع کی فراہمی کیلئے آگاہی ورکشاپ

جمعرات 18 ستمبر 2025 09:50

بٹگرام (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2025ء) بٹگرام میں پولیس افسران و اہلکاران کیلئے تعلیمی مواقع کی فراہمی کیلئے آگاہی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ پولیس اہلکار فاصلاتی نظام تعلیم کے ذریعہ اپنی ملازمت کے ساتھ تعلیمی سلسلہ جاری رکھتے ہوئے خیبر پختونخوا پولیس میں رائج فاسٹ ٹریک پروموشن اور محکمانہ ترقی حاصل کر سکتے ہیں جس سے ان کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ممکن ہو گا۔

(جاری ہے)

ترجمان بٹگرام پولیس کے مطابق یہ ورکشاپ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے تعاون سے یہاں منعقد ہوئی جس میں ریجنل ڈائریکٹر ہزارہ شاہد علی اورکزئی اپنی ٹیم کے ہمراہ شریک ہوئے۔ ورکشاپ میں پولیس اہلکاروں کو آن لائن کلاسز، فاصلاتی نظام تعلیم میں داخلے، شہدا کے بچوں کیلئے سکالر شپس، ٹرانسفر؍پوسٹنگ کی صورت میں امتحانی مرکز کی تبدیلی اور دیگر محکمانہ تعاون سے متعلق تفصیلی آگاہی فراہم کی گئی۔ ورکشاپ کے آخر میں شرکا نے اس منفرد تعلیمی نظام سے متعلق سوالات کئے۔ ضلعی پولیس سربراہ بٹگرام محمد ایاز نے یونیورسٹی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام اہلکاروں کی تعلیمی و پیشہ وارانہ ترقی میں سنگِ میل ثابت ہو گا۔