کسی کو حرمین شریفین پر میلی نگاہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے‘ احسن اقبال

ْمعرکہ حق میں کامیابی کے بعد پاکستان کی پوزیشن میں کافی فرق آیاہے‘وفاقی وزیر منصوبہ بندی

جمعرات 18 ستمبر 2025 11:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2025ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی ، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ کسی کو اجازت نہیں دے سکتے کہ حرمین شریفین پر میلی نگاہ ڈالے،ہم خطے میں جنگ نہیں امن چاہتے ہیں، جب بھی ہم نے امن کی بات کی بھارت نے اس کو کمزوری سمجھا، ہم نے کبھی بھی غافل نہیں رہنا،ہم ان سے خیر کی توقع نہیں رکھ سکتے۔

ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ سیاسی عدم استحکام نے ہمیں بری طرح متاثر کیا، مضبوط معیشت نہ ہو تو دفاع کی استعدادمیں تسلسل نہیں ہو سکتا، معرکہ حق کی کامیابی کو برقرار رکھنے کیلئے ہم نے معرکہ ترقی کو جیتنا ہے، جن اسلامی ممالک کے سفارتی تعلقات ہیں، جب تک کلیئر نہیں ہو گاہم کیا چاہتے ہیں تو دکھانے کیلئے کر سکتے ہیں، دنیامیں طاقت کا توازن،ٹیکنالوجی اور علم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سعودیہ پاکستان کا اسٹرٹیجک پارٹنر ہے، سعودی عرب نے پاکستان کی ہرممکن مددکی ہے، سعودی عرب سے دفاعی شعبہ میں بھی اچھے تعلقات ہیں، سعودی عرب سے ہمارا اچھا اور گہرا تعلق ہے، کسی کو اجازت نہیں دے سکتے کہ حرمین شریفین پر میلی نگاہ ڈالے، معرکہ حق میں کامیابی کے بعد پاکستان کی پوزیشن میں کافی فرق آیاہے، سی پیک ہمارا گلوبل برینڈ بن گیا تھا دنیا ہم سے جڑنا چاہتی تھی۔

یکم اپریل 2022 کو ہم اندرونی ڈیفالٹ کر گئے تھے، پہلی بار یہ کہا گیا کہ آخری سہ ماہی میں ترقیاتی بجٹ کی ریلیز کے لئے ایک روپے نہیں ہے ، ایسا اس سے پہلے کبھی نہیں ہوا تھا، جب ہم قرض بار بار رول اوور کرنے کیلئے جاتے تھے تو ہماری پوزیشن آبرومندانہ نہیں تھی، معرکہ حق میں ہم نے دفاع کی صلاحیت کو ثابت کیا، بھارت نے اس خطے میں میک اپ کر کے امیج بنایا تھا کہ وہ شاید خطے میں سپر پاور بن گیاہے، بھارت کی وہ متھ ٹوٹ گئی،میک اپ دھل گیا، ہرملک نے پاکستان کو ایک مختلف نگاہ سے دیکھنا شروع کیا۔