وزیراعظم شہباز شریف کا بے مثال استقبال پرسعودی ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان سے اظہار تشکر ، دوستی کے فروغ اور عظمت کی نئی بلندیوں کو چھونے کی دعا

جمعرات 18 ستمبر 2025 17:13

وزیراعظم   شہباز شریف  کا    بے مثال استقبال پرسعودی ولی عہد و وزیراعظم ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2025ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب میں بے مثال استقبال پرسعودی ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کرتےہوئے کہا ہے کہ یہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین محبت اور باہمی احترام کا مظہر ہے ،سعودی ولی عہدکے ساتھ بات چیت میں علاقائی چیلنجوں اور دو طرفہ تعاون کو بڑھانے کا جائزہ لینے سمیت کئی معاملات پر تبادلہ خیال ہوا۔

جمعرات کو ایکس پر اپنی پوسٹ میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان کا ریاض کے سرکاری دورے کے دوران شاندار استقبال پر شکریہ ادا کیا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ فضا میں رائل سعودی ایئرفورس کے جیٹ طیاروں کا میرے طیارے کوحصار میں لینا اورسعودی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے کا گارڈ آف آنر،یہ بے مثال استقبال پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پائی جانے والی محبت اور باہمی احترام کا مظہر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہدکے ساتھ علاقائی چیلنجز اور دو طرفہ تعاون کا جائزہ لینے سمیت کئی معاملات پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیراعظم نے مسلم دنیا کےلئے سعودی ولی عہد کے وژن اور قیادت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ وہ سعودی ولی عہدکی طرف سے مسلسل حمایت اور دونوں ممالک کے مابین سعودی سرمایہ کاری، تجارت اور کاروباری تعلقات کو فروغ دینے کےلئے ان کی گہری دلچسپی کی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔ وزیراعظم نے پاکستان اور سعودی عرب کے ساتھ دوستی کے فروغ اور عظمت کی نئی بلندیوں کو چھونے کی دعا کی۔\932