ایس پی سٹی مانسہرہ کی زیر صدارت اجلاس، کرائم کنٹرول حکمت عملی کا جائزہ لیا

جمعرات 18 ستمبر 2025 17:36

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2025ء) ایس پی سٹی مانسہرہ ریشم جہانگیر کی زیر صدارت جرائم کی روک تھام کے حوالے سے ماہانہ اجلاس منعقد ہوا ،جس میں امن و امان کی صورتحال، کرائم کنٹرول کی حکمت عملی اور پولیس کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ ایس پی سٹی نے پولیس افسران پر واضح کیا کہ اشتہاری ملزمان اور پی اوز کی گرفتاری اولین ترجیح ہے اور ان عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

اجلاس میں زیرِ التوا شکایات اور مقدمات کا بھی باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔ ایس پی سٹی نے افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کی شکایات اور مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے ۔ پولیس کا فرض صرف قانون کی عملداری نہیں بلکہ عوامی خدمت اور انصاف کی فراہمی بھی ہے۔

(جاری ہے)

ایس پی سٹی نے اس بات پر زور دیا کہ تھانوں میں آنے والے سائلین سے خوش اخلاقی، عزت و احترام اور پیشہ ورانہ رویہ اختیار کیا جائے۔

عوام کے ساتھ بد اخلاقی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور ہر افسر کو اپنے طرزِ عمل سے پولیس کا مثبت تاثر اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس فورس کا ہر جوان مانسہرہ میں امن و امان قائم رکھنے، جرائم کے خاتمے اور عوامی خدمت کو اپنے مشن کا حصہ سمجھے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اپنے نظم و ضبط، پیشہ ورانہ کارکردگی اور عوام دوستی کے جذبے کے ساتھ ضلع مانسہرہ کو پرامن اور محفوظ بنانے کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہے۔ اجلاس میں ڈی ایس پی سٹی کیڈٹ فاروق، ڈی ایس پی بفہ پکھل شاہجہان خان اور متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :