تاریخی پاک، سعودی دفاعی معاہدے پر قوم کو مبارکباد

مشترکہ دفاعی معاہدہ طاقت کے اظہار کی بجائے دفاع کا ضامن ہو گا‘ افضل کھوکھر

جمعرات 18 ستمبر 2025 15:16

رائے ونڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2025ء)مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی ملک افضل کھوکھر نے تاریخی پاک، سعودی دفاعی معاہدے پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب سے دفاعی معاہدہ طے پانا پاکستان کی عسکری قابلیت کا اعتراف اور تاریخی سنگ میل ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر ہی دفاعی معاہدے کے اصل روح رواں ہیں۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ولی عہد محمد بن سلمان، وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل مبارک باد کے مستحق ہیں، پاکستانی افواج کو مبارک ہو کہ وہ ارض حرمین شریفین کا دفاع کریں گی۔لا الہ الا اللہ کے وارثوں کے مابین مشترکہ دفاعی حکمت عملی نئے دور کا آغاز ہے، دونوں اسلامی ممالک امن کے علمبردار ہیں۔ معاہدے سے عالمی برادری کو مثبت پیغام ملا،دعا ہے کہ پاکستان اور سعودیہ کی دوستی مزید مضبوط ہو اور نئی بلندیوں کو چھوئے۔

(جاری ہے)

ملک افضل کھوکھر نے مزید کہا کہ مشترکہ دفاعی معاہدہ طاقت کے اظہار کی بجائے دفاع کا ضامن ہو گا ۔ اس کا مقصد خطے میں امن کا فروغ اور توازن برقرار رکھنا ہے ۔ ایک بار پھر پاک فوج کی صلاحیتوں کا اعتراف ہوا ہے ۔ معاہدے سے خطے میں دفاعی استحکام کو دوام ملے گا۔یہ معاہدہ پاکستان کے دفاع کو مضبوط بنانے اور خطے میں امن وسلامتی کے فروغ کے لیے تاریخی اقدام ہے۔