اسلام آباد کے ریڈ زون میں سکیورٹی انتظامات مزید سخت

جمعرات 18 ستمبر 2025 16:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2025ء) ایس ایس پی سکیورٹی کیپٹن (ر) سید ذیشان حیدر کی ہدایات پر وفاقی دارالحکومت کے ریڈ زون میں سکیورٹی کے انتظامات مزید سخت کر دیئے گئے ہیں۔ ڈپلومیٹک انکلیو، اقوامِ متحدہ کے دفاتر، سفارتخانوں اور دیگر حساس و اہم تنصیبات پر جدید تقاضوں کے مطابق حفاظتی اقدامات کو مزید مستحکم کر دیا گیا ہے۔

ایس ایس پی سکیورٹی کے مطابق داخلی و خارجی راستوں پر پڑتال کے نظام کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیا جا رہا ہے جس میں باڈی وورن کیمروں اور سیف سٹی کیمروں کے ذریعے نگرانی کا نظام مزید مؤثر اور شفاف بنایا جا رہا ہے۔ فیلڈ میں موجود افسران اور جوان سکیورٹی امور کی براہِ راست نگرانی کر رہے ہیں تاکہ کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپرواہی کا بروقت سدباب کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

کیپٹن (ر) ذیشان حیدر نے کہا کہ شہریوں اور ملکی و غیر ملکی املاک کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور اس مقصد کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ پڑتال کے عمل میں پولیس سے مکمل تعاون کریں اور اگر کسی مشکوک فرد یا سرگرمی کا مشاہدہ کریں تو فوری طور پر ہیلپ لائن "پکار-15" پر اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے ۔اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ ریڈ زون میں موجود تمام سفارتی دفاتر اور اہم مقامات پر چوکسی مزید بڑھا دی گئی ہے اور ہر آنے جانے والے شخص اور گاڑی کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔