ہائی کورٹ نےغیر قانونی گردہ ٹرانسپلانٹ کیس کے مرکزی ملزم کی ضمانت قبل از گرفتاری خارج کر دی،احاطہ عدالت سے گرفتار

جمعرات 18 ستمبر 2025 17:52

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2025ء) لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے فاضل جج جسٹس وحید خان نے غیر قانونی گردہ ٹرانسپلانٹ کیس کے مرکزی ملزم ڈاکٹر منظور ملک کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست کو میرٹ پر خارج کر دیا۔ عدالت کی جانب سے درخواست مسترد ہونے کے بعد پولیس نے ملزم کو کمرہ عدالت سے گرفتار کر لیا۔ڈاکٹر منظور ملک کے خلاف تھانہ روات میں ایف آئی آر نمبر 1424/25 درج ہے، جس میں اس پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ اور اس کے ساتھی غیر قانونی طور پر گردوں کی خرید و فروخت اور پیوندکاری میں ملوث تھے۔

ملزمان نے متاثرہ شہری کو دھوکے سے اغوا کر کے مختلف مقامات پر رکھا اور گردہ ٹرانسپلانٹ کے لیے تیاریاں کیں۔ پولیس نے متاثرہ شہریر کی بروقت اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے اس غیر قانونی دھندے کو بے نقاب کیا۔

(جاری ہے)

اس مقدمے میں ڈاکٹر منظور ملک نے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست نمبر 3595-B/25 دائر کی تھی، جو عدالت نے خارج کر دی۔ترجمان پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی (PHOTA) لیگل آفس راولپنڈی کے مطابق عدالت کا یہ فیصلہ ادارے کی بڑی کامیابی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ غیر قانونی اعضا کی پیوندکاری کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل جاری رہے گا اور ملوث عناصر کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلائی جائے گی۔