ایبٹ آباد،ڈپٹی کمشنر کیپن (ر) سرمد سلیم اکرم کی زیر صدارت چائلڈ پروٹیکشن کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد

جمعرات 18 ستمبر 2025 23:24

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2025ء) ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن ریٹائرڈ سرمد سلیم اکرم کی زیرِ صدارت چائلڈ پروٹیکشن کمیٹی کا چوتھا اجلاس جمعرات کے روز منعقد ہوا ،جس میں متعلقہ محکموں کے افسران،سول سوسائٹی نمائندگان اور تعلیمی اداروں کے ذمہ داران نے شرکت کی۔اجلاس کا مقصد چائلڈ پروٹیکشن ایکٹ 2010 کے موثر نفاذ،بچوں کی فلاح و بہبود اور معاشرتی سطح پر آگاہی کو فروغ دینا تھا۔

اس موقع پر چائلڈ پروٹیکشن آفیسر محمد علی نے چائلڈ پروٹیکشن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور گزشتہ اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کے حوالے سے جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایف آئی آرز میں چائلڈ پروٹیکشن ایکٹ 2010 کی کچھ دفعات کو شامل نہ کر نے،سزا کے مقدمات میں سزا نہ ہونے اور بہتری کے امکانات پر تفصیلی غور کیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ مقامی تحفظ اطفال کمیٹیوں میں مقامی حکومت کے عملے،خصوصاً ویلیج سیکرٹریز اور کونسلرز کی معاونت سے آگاہی سیشنز منعقد کرائے جائیں تاکہ کمیونٹی کی سطح پر بچوں کے تحفظ کے شعور کو بڑھایا جا سکے۔

اجلاس کے دوران بچوں سے متعلق جرائم،ریپ اور قتل کے کیسز کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے واضح ہدایات دیں کہ ایسے کیسز کی منصفانہ اور شفاف تفتیش ہر صورت یقینی بنائی جائے جبکہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کو ہدایت دی گئی کہ وہ چائلڈ پروٹیکشن یونٹ کے تعاون سے سکولوں میں آگاہی سیشنز منعقد کریں۔ڈپٹی کمشنر نے گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج منڈیاں کے شعبہ سوشیالوجی کو بھی یہ ذمہ داری سونپی گئی کہ وہ تعلیمی اداروں میں آگاہی مہمات کا انعقاد کریں۔

اجلاس میں قتل کے مختلف کیسز پر جامع کیس مینجمنٹ کے اصولوں یعنی شناخت،تشخیص،کیس پلان،ریفرل اور فالو اپ پر بات کی گئی اور بچوں کے تحفظ کے لیے قانونی امداد فراہم کرنے،وکلاء کی خدمات لینے،نفسیاتی سپورٹ و کونسلنگ فراہم کرنے پر زور دیا گیا۔