گوادر ، کیسکونے 80 نئے ٹرانسفارمرز کی خریداری شروع کردی

جمعرات 18 ستمبر 2025 18:32

گوادر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2025ء)کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) نے گوادر کے عوام کو طویل لوڈشیڈنگ سے نجات دلانے کے لیے گوادر کے لیے 80 نئے پاور ٹرانسفارمرز کی خریداری کا عمل شروع کر دیا ہے۔ گوادر میں چار لاکھ سے زائد افراد آباد ہیں، گوادر پرو سے بات کرتے ہوئے کیسکو کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ان میں سے تقریباً 20 پاور ٹرانسفارمرز کو ہنگامی صورتِ حال کے لیے ریزرو رکھا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ کیسکو بجلی کا نیا انفراسٹرکچر بھی متعارف کرا رہا ہے، جس کے تحت پرانی اور خراب بجلی کی تاروں اور خستہ حال کھمبوں کو نئی اور بہتر تنصیبات سے تبدیل کیا جا رہا ہے۔ گوادر پرو کے مطابق کیسکو، جو ایک بجلی کی تقسیم کار کمپنی کے طور پر کام کر رہی ہے، نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (NTDC) کے ساتھ مل کر اس منصوبے کو مکمل کرے گی۔

(جاری ہے)

گوادر پرو کے مطابق یہ تمام 80 ٹرانسفارمرز توانائی کے ضیاع کو کم کرنے اور ترسیل کی صلاحیت بہتر بنانے میں مدد دیں گے۔ اس کے علاوہ، یہ قابلِ تجدید توانائی کے نظام، خصوصاً سولر انرجی کو قومی گرڈ میں شامل کرنے کے لیے بھی اہم کردار ادا کریں گے۔ بجلی کے نظام میں وولٹیج کو بڑھانے یا کم کرنے کا سب سے مؤثر طریقہ یہی ٹرانسفارمرز ہیں، جن کی کارکردگی 98 فیصد تک ہو سکتی ہے۔

گوادر پرو کے مطابق کیسکو اہلکار نے مزید بتایا ابتدائی طور پر ترسیلی لائنیں سنگل سرکٹ پر مشتمل تھیں، جن میں تین فیز کے لیے تین کنڈکٹرز ہوتے تھے۔ نئے منصوبے کے تحت اب یہ لائنیں ڈبل سرکٹ ہوں گی، جن میں ہر سرکٹ کے لیے تین تین کنڈکٹرز، یعنی کل چھ کنڈکٹرز ہوں گے۔ جب زیادہ بھروسا اور صلاحیت درکار ہو، تو ڈبل سرکٹ استعمال کیا جاتا ہے۔ یہ طریقہ کار ایک ہی فاصلے پر زیادہ بجلی کی ترسیل ممکن بناتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کی ترسیل کم لاگت پر ممکن ہوتی ہے، کم زمین درکار ہوتی ہے، اور ماحولیاتی و جمالیاتی لحاظ سے بھی بہتر سمجھی جاتی ہے۔ گوادر کے رہائشی زمرد بلوچ نے گوادر پرو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں بجلی کی غیر یقینی فراہمی کی وجہ سے کاروبار شدید متاثر ہو رہے تھے۔ نئے ٹرانسفارمرز اور ترسیلی نظام کی تنصیب گوادر کی صنعت و تجارت کے لیے تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہو گی۔