اسلامی جمعیت طلبہ کے زیراہتمام سرکاری اسکولوں اور کالجوں کی آؤٹ سورسنگ کے خلاف احتجاج

جمعرات 18 ستمبر 2025 20:52

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2025ء)اسلامی جمعیت طلبہ کے زیراہتمام سرکاری اسکولوں اور کالجوں کی آؤٹ سورسنگ کے خلاف احتجاج،صوبہ بھر میں "تعلیم بچاؤ" کے نعرے کے تحت مظاہرے کیے گئے۔ اسلامی جمعیت طلبہ کے زیراہتمام سرکاری اسکولوں اور کالجوں کی آؤٹ سورسنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرے ہوئے، پشاور، مردان، لوئر دیر، اپر دیر، بونیر، شانگلہ، صوابی، بٹگرام،مانسہرہ،بنوں، ایبٹ آباد اور ڈی آئی خان میں "تعلیم بچاؤ" مظاہرے منعقد ہوئے۔

پشاور: طلبہ نے کالجز، اسکولز اور پریس کلبز کے باہر احتجاجی مظاہرے کیے۔ مظاہرین کے ہاتھوں میں بینرز پر آؤٹ سورسنگ اور نجکاری کے خلاف نعرے درج تھے۔پشاور میں المرکزی اسلامی سے ریلی نکالی گئی۔ جی ٹی روڈ پر سرکاری تعلیمی اداروں کی نجکاری اور آؤٹ سورسنگ کے خلاف مظاہرہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

سرکاری اسکولوں اور کالجوں کی آؤٹ سورسنگ کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں، مظاہرین کاکہنا تھا کہ نجکاری اور آؤٹ سورسنگ جیسے اقدامات تعلیم دشمنی کے مترادف ہیں، نجکاری اور آؤٹ سورسنگ سے متوسط اور غریب طبقے کے لئے اعلیٰ تعلیم کے دروازے بند ہو جائیں گے، حکومت فوری طور پر فیصلہ واپس لے، نجکاری اور آؤٹ سورسنگ کے خلاف 12 اکتوبر کو صوبہ بھر کے طلبہ پشاور پریس کلب کے سامنے احتجاج کریں گے۔