_ کوئٹہ می’’بنو قابل پروگرام‘‘کا افتتاح آج ہوگا

جمعرات 18 ستمبر 2025 19:25

ڑ کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2025ء) جماعت اسلامی بلوچستان کے امیر اور رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں لیکن مواقع اور سرپرستی نہ ملنے کے باعث لاکھوں نوجوان اپنی صلاحیتیں ضائع کر رہے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی کے مرکزی امیر حافظ نعیم الرحمن آج جمعہ کے روز کوئٹہ ایوب اسٹیڈیم میں "بنو قابل پروگرام" کا افتتاح کریں گے۔

پریس کلب کوئٹہ میں مرتضیٰ خان کاکڑ، عبدالنعیم رند، جمیل کرد اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا ہدایت الرحمن نے کہا کہ پروگرام کے پہلے مرحلے میں 1000 نوجوانوں کو آئی ٹی اور ڈیجیٹل ہنر کی تربیت دی جائے گی جبکہ 15 ہزار سے زائد نوجوان رجسٹریشن کرا چکے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ کورس تین ماہ پر مشتمل ہوگا جس میں روزانہ دو گھنٹے کی کلاسز رکھی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو تعلیم اور روزگار کے مواقع نہ ملنے سے وہ مایوسی اور سماجی برائیوں کی طرف جا رہے ہیں، جگہ جگہ منشیات کے اڈے قائم ہیں جو نئی نسل کو تباہ کر رہے ہیں۔ "بنو قابل پروگرام" کے ذریعے نوجوان نوکری کے بجائے ہنرمندی کے ذریعے اپنا روزگار کما سکیں گے۔مولانا ہدایت الرحمن نے بتایا کہ پروگرام کے تحت سریاب، بروری، ایئر پورٹ روڈ، کچلاک اور بلیلی سمیت مختلف علاقوں میں تربیتی مراکز قائم کیے جائیں گے جبکہ آئندہ مرحلے میں جعفر آباد، گوادر اور لورالائی تک پروگرام کو پھیلایا جائے گا۔