ذ*افغان مہاجرین کا انخلا باوقار انداز میں مکمل ہوگا، وزیر اعلیٰ بلوچستان

1 خواتین، بچوں اور بزرگوں کا خصوصی خیال رکھا جائے گا اور کسی بھی مرحلے پر تضحیک آمیز رویہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، سرفراز بگٹی کی ا جلاس میں گفتگو

جمعرات 18 ستمبر 2025 19:25

_کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2025ء)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبے میں افغان مہاجرین کے انخلا کا عمل شفاف، منظم اور باوقار انداز میں مکمل کیا جائے گا تاکہ کسی بھی فرد کی عزتِ نفس متاثر نہ ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ خواتین، بچوں اور بزرگوں کا خصوصی خیال رکھا جائے گا اور کسی بھی مرحلے پر تضحیک آمیز رویہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت بلوچستان وفاقی پالیسی کے مطابق انخلا پر عمل کر رہی ہے اور اقوام متحدہ کے ادارہ برائے افغان مہاجرین کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس، ڈی جی لیویز، کمشنر کوئٹہ ڈویڑن اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے جبکہ ڈی آئی جی ڑوب اور ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انخلا کے عمل کے دوران خواتین کے لیے عارضی بنیادوں پر فیمیل سیکیورٹی اہلکار بھرتی کی جائیں اور کسی بھی مرحلے پر انسانی وقار کو مجروح نہ کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ قلعہ عبداللہ میں امن و امان کی بحالی کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں کی جائیں، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے اور روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کو ارسال کی جائے۔