راولپنڈی ایسٹرونومی سوسائٹی اور سپیس سائنسز گروپ نے عالمی سپیس ویک 2025 کے موقع پر خصوصی تقریبات اور تعلیمی سرگرمیوں کا اعلان کر دیا

جمعرات 18 ستمبر 2025 19:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2025ء) راولپنڈی ایسٹرونومی سوسائٹی اور اسپیس سائنسز گروپ نے عالمی اسپیس ویک 2025 کے موقع پر خصوصی تقریبات اور تعلیمی سرگرمیوں کا اعلان کر دیا ہے، جو دنیا بھر میں 4 سے 10 اکتوبر تک منائی جائے گی۔ اس سال کا تھیم ’’خلاء میں زندگی‘‘ رکھا گیا ہے۔ اس دوران سکولوں اور تعلیمی اداروں میں فلکیاتی سیشنز کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ طلبہ کو خلا، سیاروں اور ستاروں کے بارے میں عملی علم فراہم کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

ماہرین کی رہنمائی میں طلبہ کو چاند کے گڑھوں، دور دراز سیاروں اور ستاروں کے جھرمٹ دیکھنے کا نایاب موقع ملے گا۔ ان سرگرمیوں کا مقصد نوجوانوں میں سائنسی تجسس پیدا کرنا اور فلکیات و خلا کی سائنس میں دلچسپی کو فروغ دینا ہے۔عالمی سپیس ویک دنیا کے 90 سے زائد ممالک میں منایا جاتا ہے اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 1999 میں اسے باقاعدہ طور پر تسلیم کیا تھا۔ یہ ویک دو اہم خلائی واقعات کی یاد میں منایا جاتا ہے’’اسپٹنک-1 سیٹلائٹ کا آغاز (4 اکتوبر 1957) اور آؤٹر سپیس معاہدے پر دستخط (10 اکتوبر 1967)‘‘ اسپیس سائنسز گروپ اور راولپنڈی ایسٹرونومی سوسائٹی کی جانب سے سکولوں کو دعوت دی گئی ہے کہ وہ ان سائنسی سرگرمیوں کا حصہ بنیں۔