Live Updates

سیلاب متاثرہ علاقوں میں سانپ سے کاٹنے کے 164 کیس رپورٹ

محکمہ صحت و آبادی سیلاب متاثرین کو طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے پر عزم ہے ‘خواجہ عمران نذیر

جمعرات 18 ستمبر 2025 19:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2025ء)محکمہ صحت و آبادی سیلاب متاثرین کو طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے پر عزم ہے اورسیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ محکمہ صحت و آبادی کے میڈیکل و ریلیف کیمپس اب تک آٹھ لاکھ 22 ہزار سے زائد سیلاب متاثرین کو علاج معالجے کی سہولت فراہم کر چکے ہیں۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 31 ہزار سے زائد سیلاب متاثرین کو طبی سہولیات فراہم کی جا چکی ہیں۔محکمہ صحت و آبادی کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں 603 میڈیکل ریلیف کیمپس آپریشنل ہیں،ان کیمپس میں 185 فکسڈ جبکہ 383 کلینک آن ویلز ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں 23 فیلڈ ہسپتال بھی متاثرین کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

پانی میں گھرے علاقوں میں 12 کلینک آن بوٹ متاثرین کو طبی خدمات فراہم کر رہی ہیں۔

صوبائی وزیر صحت و آبادی نے کہا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں سانپ سے کاٹنے کے ابتک 164 کیس رپورٹ ہوئے ہیں،گزشتہ 24 گھنٹوں میں سانپ سے کاٹنے کے 8 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ریلیف کیمپس میں ابتک 52 ذیابیطس کے مریضوں کو انسولین کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ 343 حاملہ خواتین کو ریلیف کیمپس میں طبی سہولیات فراہم کی گئیں ہیں،محکمہ صحت و آبادی ابتک 31 ہزار سے زائد ہائی جین کٹس سیلاب متاثرین میں تقسیم کر چکا ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :