Live Updates

سیالکوٹ، رکن صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ کا اقبال ٹاؤن کا دورہ، صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا

جمعرات 18 ستمبر 2025 20:00

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2025ء) رکن صوبائی اسمبلی پنجاب محمد منشاء اللہ بٹ نے اقبال ٹاؤن کے علاقے کا دورہ کیا اور سیوریج سسٹم اور صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے علاقے کے رہائشیوں سے گفتگو کی اور درپیش مسائل کے بارے میں دریافت کیا۔ منشاء اللہ بٹ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ علاقے میں سیوریج کے مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے اور اس کے ساتھ ساتھ گندے پانی کی نکاسی کے مستقل حل کا بھی ایک میکانزم بنایا جائے۔

انہوں نے واسا کو ہدایت کی کہ سیوریج ، گلیوں میں کھڑے پانی کی فوری نکاسی کی جائے اور اضافی عملہ بھی تعینات کیا جائے۔ رکن صوبائی اسمبلی منشاء اللہ نے کہا کہ سیالکوٹ میں صفائی کے انتظامات کو بہتر کرنے کیلئے واسا کا باقاعدہ قیام عمل میں لایا گیا ہے اور اس ادارے کو فعال کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مستقبل میں تاریخی سیلاب اور غیر معمولی بارشوں کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے جامع حکمت عملی بنائی جا رہی ہے اور سیوریج اور نکاسی آب میں حائل رکاوٹوں کا بھی مستقل بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب نے تاریخ کے سب سے بڑے سیلاب کا بڑی بہادری سے سامنا کیا ہے اور سیالکوٹ سمیت جن علاقوں سے سیلاب گزر چکا ہے وہاں پر بحالی کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی کا ایک مضبوط پروگرام بنایا گیا ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات